Aaj News

واٹس ایپ کے ڈیلیٹ شدہ پیغامات پھرسے حاصل کریں

پیغام رسانی کی مقبول ترین ایپ نے نیا فیچرمتعارف کروادیا
اپ ڈیٹ 17 اگست 2022 01:50pm

واٹس ایپ پیغامات بھیجنےوالوں کے لیے ایک نیا فیچر ان کی ذہنی کوفت کے خاتمے کا سبب بنے گا۔

پیغام رسانی کی یہ مقبول ترین ایپ اپنے صارفین کے ڈیلیٹ کیے جانے والے میسجز کی پھر سے ‘وصولی’ کا فیچرمتعارف کروا رہی ہے۔

ویب سائٹ واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق یہ فیچرفی الحال تجرباتی مراحل سے گزررہا ہے اس لیے فی الحال اسے بیٹا ٹیسٹرز اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جس کے بعد ہی اس تک دیگرصارفین کی رسائی ممکن ہوگی۔

نیا فیچرکیا ہے؟

واٹس ایپ پر بعض اوقات غلط پیغام بھیج دیے جانے کی صورت میں صارف فوری طور پرڈیلیٹ کرنا چاہتا ہے لیکن غلطی سے ‘ڈیلیٹ فار ایوری ون’ کے بجائے ’ ڈیلیٹ فارمی’ پرکلک کی صورت میں وہ میسج صرف صارف خود ہی نہیں پڑھ پاتا جبکہ جنہیں بھیجا گیا ہوتا ہے وہ اسے پڑھ سکتے ہیں۔

نئے فیچرکے تحت اگرصارف نے مذکورہ میسج کو حذف کرنے کے لیے غلطی سے ’ ڈیلیٹ فارمی’ پر کلک کیا تواسکرین پر ایک فوری نوٹیفکیشن موصول ہوگا جس میں ‘ان ڈو’ لکھا ہوگا،صارف اس پرکلک کر کے دوبارہ سے ’ڈیلیٹ فار ایوری ون ’ پرکلک کرسکے گا۔

آپ اس نئے فیچرکو کیسے استعمال کرسکتے ہیں؟

اس فیچرکو استعمال کرنےکے خواہشمند گوگل پلے اسٹورمیں جاکرواٹس ایپ بیٹا ورژن اپ ڈیٹ کریں جس کے بعد بھی اگریہ فیچر واٹس ایپ پر نظرنہ آئے تو سمجھ جائیں کہ فی الحال آپ اس فیچرکو استعمال کرنے کی سہولت رکھنے والوں میں سے نہیں ہیں اس لیے اگلے مرحلے کا انتظار کریں۔

واٹس ایپ انتظامیہ کے مطابق یہ نیا فیچر آئندہ چند ہفتوں میں بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔

Comments are closed on this story.