Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

آریان خان کیس کی تحقیقات میں بے ضابطگیوں کا انکشاف

انویسٹیگیشن کرنے والے 7 سے 8 افسران کا طرز عمل مشکوک پایا گیا
شائع 19 اکتوبر 2022 09:21pm

بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے خلاف بنائے گئے کروز منشیات کیس کی تحقیقات میں کئی بے ضابطگیاں کی گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق این سی بی کی جانب سے 18 اکتوبر کو جمع کروائی گئی ایک خصوصی انٹرنل رپورٹ میں تحقیقاتی ٹیم نے انکشاف کیا ہے کہ آریان خان کیس میں براہ راست انویسٹیگیشن کرنے والے 7 سے 8 افسران کا طرز عمل مشکوک پایا گیا ہے۔

خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے کیس کے 65 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے، ساتھ ہی کیس پر کام کرنے والے افسران اور ان کے اہل خانہ کے مالی معاملات کی تفصیل کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ اس دوران کچھ افسران نے اپنے بیان تبدیل کر دیے تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کارڈیلا کروز منشیات کیس کی تحیقیقات کرنے والے 7 سے 8 افسران کا کردار مشکوک ہے جس پر ان کے خلاف اعلیٰ حکام کی اجازت سے ادارتی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ہائی پروفائل کروز منشیات کیس میں آریان خان کے بری ہونے کے بعد ادارے کے تحقیقاتی نظام پر سوالات اُٹھ گئے تھے جس پر این سی بی کی جانب سے بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان پر لگائے گئے سنگین الزامات کی تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

کروز منشیات کیس میں آریان خان ایک مہینہ جیل میں رہنے کے بعد اکتوبر 2021 میں ضمانت پر رہا ہوئے تھے بعد ازاں مئی 2022 میں انہیں مقدمے سے بری کرتے ہوئے کلین چٹ مل گئی تھی۔

Shahrukh Khan

Aryan khan

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div