Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
11 Shawwal 1445  

ملتان ٹیسٹ: ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے 136 رنز، 3 کھلاڑی آؤٹ

قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنالیے
اپ ڈیٹ 11 دسمبر 2022 03:04pm
فوٹو۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔ اے ایف پی

ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے، قومی ٹیم نے اب تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنالیے۔

امام الحق کی انجری کے باعث پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور محمد رضوان نے کیا۔

دونوں بلے بازوں نے ٹیم کا اسکور 66 تک پہنچایا تو محمد رضوان 30 رنز بناکر جیمز اینڈرسن کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

اس کے بعد بابر اعظم بھی کچھ دیر کے ہی مہمان ثابت ہوئے ، 67 کے اسکور پر کپتان بابر اعظم صرف ایک رن بناکر اولی روبنسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کو 83 رنز پر تیسرا نقصان اٹھانا پرا، عبداللہ شفیق 45 رنز بناکر مارک ووڈ کا شکار بنے۔

پاکستان نے چائے کے وقفے تک 45 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا لیے، عبداللہ شفیق سعود شکیل 32 اور امام الحق 25 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 275 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جبکہ پاکستان کو دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے کے لئے 355 رنز کا ہدف ملا ۔

ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 202 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ کیا تو ہیری بروک 74 اور بین اسٹوکس 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

کھیل شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد پاکستان نے انگلش بیٹرز کی وکٹیں لینا شروع کردیں۔

انگلینڈ کے 256 کے اسکور پر محمد نواز نے بین اسٹوکس کو 41 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔

شاندار ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد نے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز بھی اچھے طریقے سے کیا اور انہوں نے پاکستان کے لیے کچھ ہی دیر بعد ساتویں وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کے 259 کے اسکور پر ابرار احمد نے اولی رابنسن کو 3 رنز پر بولڈ کیا۔

کچھ ہی دیر بعد 270 رنز پر زاہد محمود نے مارک ووڈ کو 6 رنز پر سِلپ پوزیشن پر جبکہ 271 رنز پر ہیری بروک کو 108 رنز پر باؤنڈری پر کیچ آؤٹ کرایا۔

انگلینڈ کی آخری وکٹ بھی زاہد محمود نے حاصل کی،انہوں نے جیمز اینڈرسن کو 4 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں محمد ابرار نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 3 وکٹیں زاہد محمود کے حصے میں آئیں، ایک کھلاڑی کو محمد نواز نے آؤٹ کیا جبکہ 2 انگلش بیٹرز رن آؤٹ ہوئے۔

فاسٹ بولرز کسی کھلاڑی کو آؤٹ نہ کرسکے

ملتان ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں پاکستان کے فاسٹ بولرز کوئی بھی وکٹ لینے میں ناکام رہے۔

میچ کی دونوں اننگز میں مجموعی طور پر ابرار احمد نے 11 جبکہ زاہد محمود نے 6 اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان ٹیسٹ میچ کا دوسرا دن

گزشتہ روز ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 202 رنز بنائے تھے۔

پاکستان اور انگلینڈ کی پہلی اننگز

اس سے قبل پہلی اننگز میں انگلینڈ نے 281 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں قومی ٹیم 202 رنز بنا سکی تھی۔

واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

2nd test match

test series

Multan

Pakistan vs England

abrar ahmed

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div