Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

’پاکستان میں دہشتگردی، بھارت سے زیادہ فائدہ کسی ملک نے نہیں اٹھایا‘

اس بار کے ڈوزئیر میں وہ تمام چیزیں موجود ہیں جو بھارت چھپانا چاہتا ہے، حنا ربانی کھر
اپ ڈیٹ 14 دسمبر 2022 06:28pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا ڈوزیئر پیش کر دیا ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، جوہر ٹاؤن لاہور واقعہ میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت ہیں اور اس واقعہ کے ذمہ داران بھارت کی پناہ میں ہیں، ملزمان کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں، بھارت دہشت گرد تنظیموں کی مدد کرتا ہے، عالمی برادری اس کا احتساب کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان اس خطہ میں واقع ہے جہاں بہت سارے چیلنجز ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور پاکستان نے اس جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا ڈوزیئر پیش کر دیا ہے، اس ڈوزیئر میں واضح ثبوت ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔

حنا ربانی نے کہا کہ جوہر ٹاؤن لاہور واقعہ میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت ہیں، اس واقعہ کے ذمہ داران بھارت کی پناہ میں ہیں، جن کی گرفتاری کیلئے ریڈ وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو پاکستان میں پکڑا گیا، اس نے پاکستان میں دہشت گردی کا اعتراف کیا، گذشتہ تین سال کے دوران بھارت کی خفیہ ایجنسی ”را“ کی مدد سے سکیورٹی فورسز کے 211 افراد کو نشانہ بنایا گیا، پی سی ہوٹل گوادر سمیت دہشت گردی کے مختلف واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا نشانہ بنا جبکہ بھارت نے دہشت گردی سے فائدہ اٹھایا، بھارت دہشت گردی سے متاثر ہونے کا پروپیگنڈا کرکے خود کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس بھارتی ہٹ دھرمی کا کھلا ثبوت ہے، بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں سب کے سامنے ہیں، بھارت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کا قتل اور ریپ کو ریاستی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

حنا ربانی نے کہا کہ بالاکوٹ میں کچھ بھی نہیں تھا لیکن بھارت نے انتخابات سے قبل بالاکوٹ پر حملہ کیا، بھارت ایک روگ سٹیٹ ہے، یہ کچھ بھی کر سکتا ہے، بالاکوٹ میں اسے منہ کی کھانا پڑی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت دہشت گردی پھیلانے والا بڑا ملک ہے، اس کا ایجنٹ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جس کے ثبوت موجود ہیں، وہ دہشت گردی سے متاثر ہونے والے ملک کا کارڈ کھیل رہا ہے حالانکہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، ہم نے ثبوتوں کے ساتھ بھارتی دہشت گردی کی معلومات فراہم کی ہیں، ان ثبوتوں سے بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دورہ امریکہ کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جی۔77 پلس چین گروپ کے اجلاس میں بھارتی دہشت گردی کا معاملہ اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10 سال میں بھارت نے پاکستان کو کیا پیغام دیا ہے، وہ یہ پیغام ہے کہ بھارت نے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں یکطرفہ اقدامات کئے، بالاکوٹ پر حملہ کیا، بھارت کے اقدامات سے پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کو سنگین خطرات ہیں، عالمی برادری کو اس کا ادراک کرنا چاہئے، بھارت کے اقدامات پر دنیا کی خاموشی نہ صرف خطہ بلکہ پوری دنیا کیلئے خطرناک ہے، یہ سنگین معاملہ ہے کیونکہ بھارت مذہبی انتہاء پسندوں کے قبضہ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خطہ میں روابط کے فروغ، ترقی اور خوشحالی کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر پیش آنے والے حالیہ واقعہ جیسے واقعات دوبارہ پیش نہیں آنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اولین ترجیح ہے، حکومتوں کی تبدیلی کے باوجود ملکی مفاد کی پالیسیوں کا تسلسل جاری رہتا ہے، سابق حکومت کی اسلامو فوبیا کے حوالہ سے پالیسی پر عمل جاری ہے۔

india

hina rabbani khar

Terrorism Activities

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div