Aaj News

شمعون عباسی نے کراچی کے قبرستان سے آنے والی خوفناک آوازوں کی ویڈیو شئیر کردی

'میں نے اچانک یہ عجیب آواز سنی، جیسے کوئی مخلوق چیخ رہی ہو'
شائع 19 جنوری 2023 09:05pm

پاکستان کے معروف اداکار، ہدایت کار اور اسکرین رائٹر شمعون عباسی نے کراچی کے ڈی ایچ اے قبرستان کی ایک رونگٹے کھڑے کردینے والی ویڈیو شئیر کی ہے۔

شمعون عباسی اپنے والد زبیر عباسی کی قبر پر فاتحہ خوانی کی غرض سے گزری قبرستان پہنچے، رات کا وقت تھا کہ اچانک انہوں نے خیابان اقبال کے گیٹ نمبر 2 سے کچھ عجیب و غریب آوازیں سنیں، وہاں انہوں نے چند سیکنڈ کی ایک ویڈیو بنائی اور فیس بک پر شئیر کی۔

ویڈیو کے ساتھ پوسٹ میں شمعون عباسی نے لکھا کہ یہ ویڈیو میں نے ڈی ایچ اے قبرستان کے گیٹ نمبر 2 پر اس وقت بنائی جب میں وہاں اپنے والد کی قبر پر سورہ فاتحہ پڑھنے گیا۔

شمعون لکھتے ہیں کہ ”میں نے دیکھا قبرستان اندھیرے میں ڈوبا تھا اور احاطے کو روشن کرنے کے لیے کوئی انتظام نہ تھا روشنی نہیں تھی کہ مجھے کچھ نظر آسکے۔“

”مجھے حیرت ہوئی، جیسا کہ آپ اس ویڈیو میں دیکھ رہے ہیں، یہ گزری قبرستان خیابان جبل کا گیٹ نمبر 2 ہے۔“

شمعون نے مزید لکھا کہ اس تاریک ماحول نے مجھے یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ میں اسے کیمرے میں قید کروں تاکہ کچھ حکام کو دکھایا جائے اور ان سے کہا جائے کہ وہ اس قبرستان پر رحم کریں اور وہاں روشنیاں فراہم کریں۔

”اور اسی وقت میں نے اچانک یہ عجیب آواز سنی، جیسے کوئی مخلوق چیخ رہی ہو۔“

شمعون کے مطابق یہ آوازیں 12، 13 منٹ تک جاری رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میں الجھن میں تھا، اس لیے میں نے کیمرہ بند کیا اور آواز صاف سننے کے لیے قبرستان کے قریب گیا۔ میں جتنا قریب گیا، یہ آواز اتنی ہی خوفناک ہونے لگی… میں نے محسوس کیا کہ آواز گیٹ کے قریب سے آرہی ہے۔

”میں اکیلا تھا اور اس وقت اس خوفناک لمحے کو کسی کے ساتھ شیئر نہیں کر سکتا تھا… اس لیے میں قبرستان کے اندر دیکھتا رہا جو مقفل تھا۔ مجھے کچھ نظر نہیں آرہا تھا لیکن آواز اب بالکل صاف تھی!“

انہوں نے لکھا کہ میرے گھر میں کتے ہیں، کتوں، بلیوں یا جانوروں کے قریب ہونے کی وجہ سے میں جانوروں کی آوازوں یا چیخ و پکار کی شناخت کر سکتا ہوں… لیکن یہ آواز واقعی خوفناک تھی!

انہوں نے مزید لکھا کہ میں ڈی ایچ اے حکام کی طرف سے حیران ہوں کہ یہ قبرستان روشنی کے بغیر کس قدر لاوارث ہے۔ اور سب سے بڑھ کر قبرستانوں میں اس قسم کے عجیب و غریب واقعات واقعی خوفناک ہیں۔

شمعون نے لکھا کہ خدا کا واسطہ!! مرنے والوں کی روحوں پر کچھ رحم کریں اور مرحومین کے لیے کچھ احترام دکھائیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ خدا کے لیے قبرستان میں روشنیاں لگائیں۔ ڈی ایچ اے کا نام تاریخ میں اس دور کے سب سے زیادہ غیر انسانی سلوک کرنے والوں میں لکھا جائے گا۔

karachi

Viral Video

graveyard

Shamoon Abbasi

Haunted

Comments are closed on this story.

مقبول ترین