Aaj News

جمعہ, مئ 10, 2024  
01 Dhul-Qadah 1445  

صدر نے انتخابی شیڈول جاری کرنے کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا

انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں، صدر عارف علوی
شائع 08 فروری 2023 01:29pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کا انتخابی شیڈول فوری جاری کرنے کے لئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھ دیا۔

خط میں صدر کا کہنا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں ، آئین تاخیر کی اجازت نہیں دیتا اس لیے الیکشن کمیشن الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کا شیڈول جاری کرے۔

خط میں صدرعارف علوی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کا اعلان کرے تاکہ صوبائی اور مستقبل کے عام انتخابات کے حوالے سے خطرناک قیاس آرائیوں پر مبنی پروپیگنڈے کو ختم کیا جاسکے۔

انہوں نے خط میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ آرٹیکل 224 دو اسمبلی کے انتخابات تحلیل ہونے کے 90 دن کے اندر کرانے پر زور دیتا ہے ، آئین کے مطابق انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن آف پاکستان کا بنیادی اور لازمی فرض ہے۔

صدر مملکت نے مزید لکھا کہ آرٹیکل 218 (3) ای سی پی کو شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کا فرض تفویض کرتا ہے۔ اگرالیکشن کمیشن اپنے فرائض کی ادائیگی میں ناکام رہا تو بالآخر کمیشن ہی کو آئین کی خلاف ورزی کا ذمہ دار اور جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔

انہوں نے لکھا کہ سربراہ ِمملکت ہونے کی حیثیت سے ’آئین کے تحفظ اور دفاع‘ کا حلف لیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنراور ممبران کو آئین کے تحت ان کے حلف کے مطابق بنیادی ذمہ داری کی یاد دہانی کرواتے ہوئے صدر نے مزید کہا کہ آئین اور الیکشن ایکٹ 2017 ءکی خلاف ورزی کے سنگین نتائج سے بچنے کے لئے دونوں تحلیل شدہ اسمبلیوں کے انتخابی شیڈول کا فوری اعلان کیا جائے۔

ECP

اسلام آباد

President Arif Alvi

Sikander Sultan Raja

punjab & kpk assemby

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div