لیجنڈری کرکٹر جاوید میاں داد کی طبعیت میں بہتری، اسپتال سے گھر منتقل

کوئی فکرکی بات نہیں میں خیریت سے ہوں، جاوید میاں داد
اپ ڈیٹ 17 فروری 2023 05:30pm

لیجنڈری کرکٹر جاوید میاں داد کو طبعیت ناساز ہونے کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم اب انہیں گھر منتقل کردیا گیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز لیجنڈری جاوید میاں داد کی طبیعت ناساز ہوگئی اور انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جاوید میاں داد کو ٹول پلازہ ایم 9 کی تقریب میں شرکت کرنا تھی، تاہم اچانک طبعیت خراب ہونے پر انہیں کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید میانداد اچانک چکرآنے پرگرپڑے تھے، اور انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم اب جاوید میانداد کی طبیعت بہتر ہے اور انہیں اسپتال سے گھرمنتقل کردیا گیا ہے۔

جاوید میاں داد نے بھی اپنے چاہنے والوں کو پیغام میں کہا ہے کہ کوئی فکرکی بات نہیں میں خیریت سے ہوں، تھوڑی گھبراہٹ ہونے پر مجھے اسپتال لے جایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے 1992 میں 437 رنز اسکور کرکے پاکستان کو ورلڈ چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، اور ان کی جانب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی قائم ہوا تھا، اور اس ریکارڈ کو موجودہ کپتان بابر اعظم نے توڑا ہے۔

javed mian dad