Aaj News

جمعہ, مئ 03, 2024  
24 Shawwal 1445  

”ازخود نوٹس کا اختیاراستعمال نہیں کرنا چاہیے تھا“، دو ججز کا اختلافی نوٹ

اختلافی نوٹ جسٹس منصورعلی شاہ اور جسٹس جمال خان مندوخیل نے تحریر کئے
اپ ڈیٹ 01 مارچ 2023 02:10pm

پنجاب اور خیبرپختون خوا میں انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر دو ججز نے اختلافی نوٹ تحریر کئے۔

سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختون خوا میں 90 روز میں انتخابات کا حکم دے دیا ہے، تاہم کیس کی سماعت میں شامل 5 رکنی بینچ میں سے دو ججز جسٹس منصورعلی شاہ اورجسٹس جمال خان مندوخیل نے فیصلے پر اختلافی نوٹ تحریر کئے ہیں۔

اختلافی نوٹ

جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال خان مندو خیل نے فیصلے پر اختلافی نوٹ لکھتے ہوئے کہا ہے کہ آئین میں انتخابات کے لیے 60 اور 90 دن کاوقت دیا گیا ہے، ہائیکورٹس میں اسی طرح کا کیس زیر سماعت ہے، سپریم کورٹ ہائی کورٹ میں زیر التوا معاملے پر ازخود نوٹس نہیں لے سکتی۔

اختلافی نوٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ منظورالہی اور بے نظیر کیس کے مطابق ازخود نوٹس لینا نہیں بنتا، لاہورہائیکورٹ پہلے ہی مقدمہ کا فیصلہ کرچکی ہے، از خود نوٹس لینے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی، از خود نوٹس جلد بازی میں لیا گیا، ازخود نوٹس کا اختیار سپریم کورٹ کواستعمال نہیں کرنا چاہیے تھا۔

اختلافی نوٹ میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی گورنر کی منظوری پرتحلیل ہوتی ہے، جنرل انتخاب کا طریقہ کار مختلف ہے، انتخابات پر از خود نوٹس اور 90 روز میں انتخابات کرانے کی درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں۔

جسٹس جمال خان مندو خیل اور منصور علی شاہ نے اختلافی نوٹ میں کہا ہے کہ جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس اطہر من اللہ کے 23 فروری کے نوٹ سے متفق ہیں۔

جسٹس اطہر من اللہ کا اختلافی نوٹ

جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے اختلافی نوٹ میں لکھا ہے کہ اوپن کورٹ میں دیاگیا حکم تحریری حکم نامےسےمطابقت نہیں رکھتا، ہمارےسامنے رکھے گئے سوال کو علیحدہ نہیں دیکھا جاسکتا، اسمبلیاں توڑنے کی آئینی حیثیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، کیا اسمبلیاں آئینی اصولوں کو روند کر توڑی گئیں؟ قانونی حیثیت پرسوالات بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی سےمتعلق ہیں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے نوٹ میں لکھا کہ سامنے آنے والا معاملہ صوبائی عدالت کے سامنے موجودہے، اس معاملے کا سپریم کورٹ آنا ابھی قبل از وقت ہے، چیف جسٹس نے مجھ سے معاملے پر سوالات مانگے، کیاوزیراعلیٰ اپنی آزادانہ رائے پر اسمبلی توڑ سکتا ہے؟ کیا کسی بنیاد پر وزیر اعلیٰ کی ایڈوائس کو مسترد کیا جاسکتا ہے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کا اختلافی نوٹ

جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے اختلافی نوٹ میں لکھا کہ الیکشن کا معاملہ پشاور اور لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، اسی دوران سپریم کورٹ کی جانب سے ریمارکس ہائی کورٹس میں زیر سماعت مقدمات پر اثرانداز ہوں گے۔

جسٹس یحیٰ آفریدی نے اختلافی نوٹ میں لکھا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے از خود نوٹس کا کوئی جواز نہیں، میری بینچ میں شمولیت سے متعلق فیصلہ چیف جسٹس پر چھوڑتا ہوں۔

Supreme Court of Pakistan

justice mansoor ali shah

justice jamal khan mandookhel

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div