Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

علی بلال کو اسپتال چھوڑ کر فرار ہونے والے 2 افراد زیر حراست

ملزمان کا کہنا ہے کہ علی بلال کی ہلاکت حادثے کی وجہ سے ہوئی، پولیس ذرائع
شائع 10 مارچ 2023 11:20pm
فوٹو ــ سوشل میڈیا
فوٹو ــ سوشل میڈیا

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی اۤئی) کے کارکن علی بلال عرف ضل شاہ کی موت کی تحقیقات جاری ہیں اور پولیس نے علی بلال کو اسپتال لانے والے دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے بدھ کو انتخابی ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا اس دوران پولیس اور کارکنان میں تصادم بھی ہوا۔ پُرتشدد واقعہ میں کارکن علی بلال کی موت واقع ہوگئی تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکن کی موت کی تحقیقات جاری ہیں۔ اس حوالے سے اہم پیشرفت یہ سامنے آئی ہے کہ پولیس نے علی بلال کو اسپتال چھوڑ کر فرار ہونے والے 2 افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ ویگو ڈالے کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے نام عمر اور جہاں زیب ہیں۔ ملزمان کا کہنا ہے کہ علی بلال کی ہلاکت حادثے کی وجہ سے ہوئی ہے اور واقعہ فوٹرس اسٹیڈیم پل پر پیش آیا۔

گزشتہ روز علی بلال کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظر عام پر آئی تھی جس میں کھوپڑی اور نازک اعضاء پر تشدد کی تصدیق ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق علی بلال کی موت دماغ میں گہری ضرب لگنے سے ہوئی، موت کی ایک وجہ خون کا زیادہ بہنا بھی ہے۔

علی بلال کے جگر اور لبلبہ میں خون جمع تھا جبکہ دماغ میں خون جمع ہونے سے بلڈ پریشرانتہائی کم ہوگیا تھا۔

سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق علی بلال کو جسم کے نازک اعضاء پر بھی تشدد کیا گیا۔

علی بلال کی کھوپڑی کا ایک حصہ بری طرح سے متاثرہوا تھا۔ یہ خاص بات بھی سامنے اۤئی کہ لاہور کے سروسز اسپتال میں پرچی پر ریسیوڈ ڈیڈ لکھا گیا تھا۔

تحریک انصاف نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر علی بلال کی پوسٹ مارٹم رپورٹ شیئر بھی کی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے بدھ کو زمان پارک سے پنجاب ضمنی الیکشن کی انتخابی ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا۔ لاہور پولیس نے کارکنوں کو منتشر کرنے کےلئے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی تھی۔

ریلی کے دوران لاہور پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں تصادم ہوگیا تھا۔ جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور متعدد کارکنان زخمی ہوگئے تھے۔ اس موقع پر پارک جہانگیر ٹاؤن لاہور سے تعلق رکھنے والے پی ٹی اۤئی کارکن علی بلال جاں بحق ہوگئے تھے۔

pti

Ali Bilal

PTI ALI Bilal Father

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div