Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

اتنا رومانس، سج دھج، ڈانس اور کھانے میں صرف ایک ’چرغہ‘

ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ کا رومانوی منظرتنقید کی زد میں
شائع 11 مارچ 2023 03:57pm

ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ ان دنوں ٹی وی ناظرین کا سب سے پسندیدہ ترین سیریل ہے جس کی بڑی وجہ غالباً اس کی کہانی کا ساس بہو کے جھگڑوں یا گھریلو سازشوں سے ذرا ہٹ کر ہوناہے، پاکستان ڈرامہ انڈسٹری میں اس سے قبل آن اسکرین اتنا ’رومانس‘ شاید ہی کبھی دکھایا گیا ہو۔

ریئٹنگ میں ٹاپ پررہنے والے اس ڈرامے کو دیکھنے والوں میں معروف تجزیہ کار ریماعمربھی شامل ہیں جو صرف سیاست پر ہی گہری نگاہ نہیں رکھتیں بلکہ فنی باریکیوں سے بھی بخوبی واقف ہیں۔

ریما نے ڈرامے کی 22 ویں قسط کے ایک منظرسے متعلق ٹویٹ کی جس میں یمنیٰ اوروہاج کو محل نما گھرکے وسیع وعریض اورکسی شادی ہال سے زیادہ سجے سجائے لان میں ’کینڈل لائٹ ڈنر‘ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ دونوں کی تیاری بھی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔

لیکن اس قدراہتمام کے باوجود مینیو نے دیکھنے والوں کو مایوسی سے دوچار کیا کیونکہ ہیرو کی محبت میں مبتلا اس کی کزن حیا نے دل لگا کر اس کی پسند کے کھانے بنائے تھے ، حیا کے ارمانوں کا خون تو مرتصم (وہاج علی) نے ان تمام کھانوں کو میرب (یمنیٰ) کے ساتھ انجوائے کرنے کے فیصلے سے کردیا لیکن شائد ڈائریکٹروہ کھانے شوٹ کے وقت میز پر رکھوانا بھول گئے یا شاید حیا نے ہی انہیں کہیں چھپا دیا تھا۔

یمنیٰ اور وہاج کا ڈانس بھی دیکھنے والوں کیلئے ’خاصے کی چیز‘ تھی۔ ریما نے اسے بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئےعجیب وغریب اور اناڑی قراردیا۔

ریما عمرنے ٹویٹ میں اسی نقطے کو اجاگرکرتے ہوئے اکلوتی ڈش (چرغے) پرروشنی ڈالی اور ان کی اس ٹویٹ نے سوشل میڈیا صارفین کو اکسایا کہ وہ بھی اپنے جذبات کا کُھل کراظہار کریں۔

کسی نے اسے ’مہنگائی‘ کا شاخسانہ قراردیا تو کسی نے ڈرامے کو ڈرامہ سمجھنے کا مشورہ لیکن باریکی سے جائزہ لینے والے صارف نے توجہ دلائی کہ چرغے کے علاوہ یہاں ایک ڈش اور بھی ہے۔

کئی ایک نے ریما کوبتایا کہ یہ دونوں ’کیٹوڈائٹ‘ پرہیں۔

کھانے پینے کے علاوہ فیشن سینس پربھی روشنی ڈالی گئی، ایک صارف نے نشاندہی کی کہ ہیرو نے موزے تو پہنے ہی نہیں۔

ایک صارف نے اسے ’کفایت شعاری کیلئے ون ڈش کی پابندی‘قراردیا تو جواب میں ریما نے سوال اٹھایا کہ مرتصم کی کزن نے اسے اپنی جانب متوجہ کرنے کیلئے ”تمام پسندیدہ پکوان“ تیار کیے لیکن مرتصم اپنے عملے سے کہتا ہے کہ وہ انہیں میرب کے ساتھ رومانوی ڈنرکیلئے باغ میں رکھیں تو حیا کا بنایا ہوا سارا کھانا کہاں ہے؟۔

یہی نہیں۔۔ امیرکبیرگھرانے سے تعلق رکھنے والے ہیروہیروئن کا ’ناشتہ‘ بھی ٹویٹس کی زینت بنا جو گھرکے دیسی ماحول کے برعکس بالکل ہی ’بدیسی‘ تھا۔

ڈرامے کی کہانی نوراں مخدوم کی تحری کردہ ہے جبکہ ڈائریکشن سراج الحق نے دی ہیں۔ مرکزی کاسٹ میں وہاج علی، یمنیٰ زیدی کے علاوہ بشریٰ انصاری، سہیل سمیر،فرحان علی آغا، فضیلہ قاضی،حرا سومرو، سبین فاروق، محمود اسلم اوردیگر شامل ہیں۔

اس سے قبل یہ بھی کہا گیا تھا کہ ڈرامہ سیریل تیرے بن کا ٹائٹل سانگ سال 2017 کی بالی ووڈ فلم ’شادی میں ضرور آنا‘ کے گانے ’میرا انتقام دیکھے گی‘ کی کاپی ہے۔

ٹائٹل سانگ کی شاعری صابر ظفر نے لکھی جبکہ اس کی موسیقی کی ترتیب اور آواز کا جادو شانی ارشد نے جگایا ہے، جو پہلے بھی کئی ڈراموں کے ٹائٹل سانگ گا چکے ہیں۔

Yumna zaidi

drama Tere bin

Wahaj Ali

Tere Bin

Reema Omer

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div