Aaj News

اتوار, مئ 26, 2024  
17 Dhul-Qadah 1445  

بھوک کے مارے لوگ دفعہ 144 کے 144 ٹکڑے کر دیں گے، شیخ رشید

اپریل مئی جون کے90 دن انتہائی خوفناک ہوں گے، سابق وفاقی وزیر
شائع 13 مارچ 2023 10:41am

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بھوک سے مارے لوگ دفعہ144 کے 144 ٹکڑے کر دیں گے، جب کہ اپریل مئی جون کے 90 دن انتہائی خوفناک ہوں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ ہفتہ بھی آئی ایم ایف (IMF) کا سٹاف لیول میٹنگ کے بغیر گزر گیا، جب کہ سعودی عرب اور چین سے بھی کوئی مدد نہیں ملی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لوگ کاغذات جمع کروا رہے ہیں اور الیکشن کمیشن تذبذب کا شکار ہے، ایسا وقت بھی آئے گا کہ بھوک کے مارے لوگ دفعہ 144 کے 144 ٹکڑے کر دیں گے، پنجاب کی نگران ماسی مصیبتے 90 دن بعد بھاگ جائے گی اور خلق خدا راج کرے گی۔

سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ بات توشہ خانہ اور کورٹ مارشل سے بہت آگے نکل چکی ہے، ن لیگ اسٹیبلشمنٹ اورعدلیہ کے خلاف بیکار بیانیہ بنا رہی ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اپریل مئی اور جون کے 90 دن انتہائی خوفناک ہوں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بلو رانی امریکا سے نہیں آرہی اور نانی اپنے بابے کو لندن سے نہیں بلا رہی، پاکستان میں اشرافیہ صرف اقتدار کے لیے پیدا ہوئی ہیں، اورغریب صرف جان دینے، جیل جانے اور لاٹھیاں کھانے کے لیے پیدا ہوا ہے، غریب کو مفت روٹی نہیں مفت قبر چاہیے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ میں ایوب خان کے اٹک قلعہ میں بھی رہا ہوں لیکن صنف نازک پر تشدد پہلی بار اس حکومت میں سنا ہے، کئی لوگ جمہوریت کے لیے شہید ہوتے دیکھے جس میں 5 لال حویلی کے شہید بھی شامل ہیں، لیکن جتنا گہرا زخم قوم نے ظل شاہ کا اپنے دل پہ لگایا ہے ایسا کبھی سوچا بھی نہ تھا۔

Sheikh Rasheed

Sheikh Rasheed Ahmed