Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
23 Shawwal 1445  

یکم مئی کی ریلی، نگراں حکومت پنجاب سے پی ٹی آئی کو اجازت مل گئی

اجازت نامہ میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ اور اداروں کے خلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی
اپ ڈیٹ 30 اپريل 2023 11:49pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

نگراں حکومت پنجاب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو لاہور میں یکم مئی کی ریلی نکالنے کی مشروط اجازت دے دی۔

ڈپٹی کمشنرلاہور نے یوم مزدور پر پی ٹی آئی کو دوپہر ایک بجے سے شام چھ بجے تک لبرٹی سے ناصر باغ تک ریلی نکالنے کی اجازت دے دی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے پی ٹی آئی کو اجازت نامہ جاری کردیا، انتظامیہ نے تحریک انصاف سے حلف نامہ لینے کے بعد اجازت دی۔

اجازت نامہ میں کہا گیا ہے کہ ریلی کیلئے استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے، ریلی انتظامیہ ہی اسٹیج اور سیکیورٹی کی ذمہ دار ہوگی، عدلیہ اور اداروں کے خلاف تقاریر کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

پاکستان تحریک انصاف نے یکم مئی یوم مزدور پر لاہور کے لبرٹی چوک سے ریلی نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

نگراں حکومت پنجاب کی اجازت سے قبل الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو ریلی منسوخ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس بھی جاری کیا، نوٹس چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے نام جاری کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ریلیوں کے لیے ضلعی انتطامیہ سے اجازت لینا ضروری ہے، سیاسی جماعتیں ریلیوں سے قبل انتظامیہ کو آگاہ کرنے کی پابند ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ریلی سے پیشگی اجازت کا مقصد یہ ہے کہ انتظامیہ مناسب سکیورٹی اور دیگر ضروری انتظامات کرسکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی سینئرقیادت نے پنجاب حکومت سے رابطہ کیا اور یکم مئی پر ریلی سے متعلق حکومتی تحفظات دور کیے، جس کے بعد انھیں اجازت دی گئی۔

الیکشن کمیشن نے جب پی ٹی آئی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا تھا تو تحریک انصاف کی جانب سے سخت ردعمل بھی سامنے آیا تھا۔ فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں پیر کو بھرپورریلی نکالی جائے گی۔

فواد چوہدری نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کا نوٹس حیرت انگیز ہے، یکم مئی کو سارا معاشرہ اپنے مزدوروں کے ساتھ کھڑا نظر آتا ہے، یہ حیران کن بات ہے کہ آپ یکم مئی کو ریلی نہیں نکال سکتے، پاکستان میں کوئی جمہوریت نہیں رہی۔

رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا تھا کہ ‏الیکشن کمیشن کوئی انوکھا الیکشن کروانا چاہتا ہے جس میں عملی طور پر مہم کرنے کی اجازت نہیں، پاکستان کی تاریخ میں کسی الیکشن میں ایسے قواعد و ضوابط نہیں دیکھے گئے، لگتا ہے پورا نظام اپنے ہی ملک کی عوام سے خوفزدہ ہے۔

pti

Election Commission of Pakistan (ECP)

Labor Day

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div