Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

کوئی بھی وفاقی حکومت ہو مل کر کراچی کیلئے کام کریں گے، بلاول بھٹو

جماعت اسلامی نے 9 مئی کے ملزمان کے ساتھ ملکر کراچی پر قبضے کی کوشش کی، بلاول
شائع 19 جون 2023 06:40pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے 9 مئی کے ملزمان کے ساتھ مل کر کراچی پر قبضہ کرنے کی کوشش کی، جماعت اسلامی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرے، کوئی بھی وفاقی حکومت ہو مل کر کراچی کے لیے کام کریں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا میئر بننے پر تمام کارکنان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ملک کی تاریخ میں پہلی بار پیپلزپارٹی کے کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر منتخب ہوئے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کارکنان نے نسلوں سے انتہا پسندی کا مقابلہ کیا ہے، یہ شہر ایک فون کال پر چلتا تھا تو اس کے سامنے جیالے کھڑے تھے، اس جیت کو تمام شہداء کے نام کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 18اکتوبر اور 12 مئی کے شہداء کے نام یہ جیت کرتے ہیں، اس جیت کو محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے نام کرتے ہیں، ہم اپنی محنت سے دھاندلی کا الزام لگانے والوں کو جواب دیتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ امید کرتے ہیں کہ میئر کراچی عوامی توقعات پر پورا اتریں گے، سیاسی یتیموں اور سہولت کاروں کا دور ختم ہوگیا، جیالوں نے جمہوریت کی بحالی کے لیے جانوں کی قربانی دی، کراچی کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ذاتی دلچسپی لوں گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ راتوں رات بننے والی جماعتوں کو بھی کارکردگی سے جواب دیں گے، ہم سے ہمیشہ الیکشن چھینا جاتا ہے لیکن اس مرتبہ ایسا نہیں کرنے دیا، کراچی سے کشمیر تک الیکشن ہورہے ہیں، الیکشن میں پیپلزپارٹی کے جیالے جیت رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جوابدہ ہوں گا کہ میں نے 5 سال میں کے ایم سی میں کیا کام کرائے، کے ایم سی پرائیوٹ سیکٹر سے مل کر کام کرے گی، ہم نے کراچی کے چپے چپے میں مل کر کام کرنا ہے، کراچی کے مسائل زیادہ تر وفاق اور صوبائی حکومت سے جڑے ہیں، کوئی بھی وفاقی حکومت ہو اس کے ساتھ مل کر کراچی کے لیے کام کریں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی سیاسی جماعتوں کےساتھ مل کر کام کرے، جماعت اسلامی نے 9 مئی کو جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ مل کر کراچی پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ انسانی اسمگلرز کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے، غیرقانونی امیگریشن کے لیے اقدامات کرنے کے لیے تیار ہیں، بین الاقوامی قوانین پناہ گزینوں کو حقوق دیتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ کے ساتھ کوئی سیاسی اختلافات نہیں، پالیسی پر اختلافات ہوسکتے ہیں، میثاق جمہوریت آگے لے کر جائیں گے، آگے جاکر بھی یہ مردم شماری متنازع ہی رہے گی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے غیر متنازع مردم شماری کا مطالبہ کردیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مشرف کے دور میں بلاول ہاؤس کی پانی کی لائن کاٹی گئی، ہم اسی لیے ٹینکر کا پانی استعمال کرتے ہیں، ہمیں نہیں معلوم کے فور کا کیا مستقبل ہوگا، کراچی میں پانی کا مسئلہ ہے۔

foreign minister

karachi

Murtaza Wahab

Bilawal Bhutto Zardari

mayor karachi

Pakistan People's Party (PPP)

Politics June 19 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div