Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

بد سلوکی پرمبنی ڈراموں پر پابندی لگنی چاہیے، نادیہ افگن

ڈراموں میں محبت کے نام پر محبوب کے پیچھے دیوانہ ہونے کو دکھایا جارہا ہے
شائع 23 جون 2023 10:36pm

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ نادیہ افگن نے ان ڈرامہ کہانیوں کا تذکرہ کیا جن پر فوری طور پر پابندی عائد ہوجانی چاہیئے۔

سینئر اداکارہ نادیہ افگن نے ٹی وی پر نشر ہونے والے حالیہ پاکستانی ڈراموں پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے ڈرامے جن میں گھریلو تشدد، لڑکیوں کو ہراساں کرنے اور محبت کے نام پر محبوب کے پیچھے دیوانہ ہونے کو دکھایا جاتا ہے انہیں فوری بند ہوجانا چاہئیے۔

اداکارہ نادیہ افگن نے گزشتہ دنوں ایک پروگرام میں شرکت کی ، جہاں میزبان کے سوال پر اداکارہ نے چند پاکستانی ڈراموں بالخصوص اداکار دانش تیمور کے حالیہ ڈرامے کا نام لیتے ہوئے انہیں بھارتی فلم ’کبیر سنگھ‘ سے تشبیہ دی اور کہا کہ اس قسم کے ڈراموں پر تو فوری پابندی عائد کرنی چاہیئے جو ہمارے نوجوان نسل کو غلط راہ کی جانب گامزن کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ڈراموں میں محبت کا غلط تصور پیش کیا جارہا ہے جس میں دکھایا جاتا ہے کہ اگر کسی کو محبت ہوگئی ہے تو وہ اگلے کے ساتھ زور زبردستی کرکے اسے اپنا سکتا ہے پھر چاہئے سامنے والے کی مرضی ہو یا نہ ہو۔

نادیہ افگن کا کہنا تھا کہ ’یہ ڈرامے بچوں کو یہ تربیت دے رہے ہیں کہ اگر آپ کسی کو پسند کرتے ہیں تو اس کے پیچھے دیوانے ہوجائیں اور بندوقوں کا استعمال کریں، یہ غلط ہے، ایسے ڈرامے فوری طور پر بند ہونے چاہئیں‘۔

انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے یمنی زیدی کے حوالے سے بھی تبصرہ کیا ان کا کہنا تھا کہنا کہ یمنیٰ زیدی اوور ریٹڈ اداکارہ ہیں۔

Nadia Afghan