ابر آلود آسمان میں دیو قامت مکڑی آگ کی سانس لیتی رہی

قابل تجدید توانائی سے چلنے والی دیوہیکل مکڑی توجہ کا مرکز بن گئی
شائع 25 جون 2023 04:20pm
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

برطانیہ میں منعقدہ سالانہ گلاسٹن بری فیسٹیول اس سال خاص توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے کیونکہ اس میں قابل تجدید توانائی کا استعمال کیا گیا ہے یعنی ایسی توانائی جو مختلف قدرتی ذرائع مثلا سورج کی روشنی، ہوا بارش اور لہروں وغیرہ سے حاصل ہوتی ہے۔

گلاسٹن بری کے آرکیڈیا اسٹیج پر رات کے ابر آلود آسمان میں ایک دیو قامت مکڑی آگ کی سانس لیتی دکھائی دی۔ اس موقع پر میوزک کا تڑکا بھی لگایا گیا جس سے شرکا محظوظ ہوئے۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ ری سائیکل کیے گئے فوجی ہارڈ ویئر سے تیار کردہ یہ بڑی دھات کی ارکنیڈ کئی سالوں سے انگلینڈ کے عالمی شہرت یافتہ میوزک فیسٹیول کا حصہ رہی ہے لیکن اس بار آرکیڈیا اور گلاسٹنبری کے دیگر تمام اسٹیج مکمل طور پر قابل تجدید توانائی کے ذرائع سے چلائے جا رہے ہیں۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ اس سال اس کے تمام جنریٹرز بشمول وہ جنریٹرز جو اس کے مرکزی اہرام اسٹیج کو بجلی فراہم کرتے ہیں، ہائیڈرو ٹریٹڈ ویجیٹیبل آئل پر چلیں گے، جو فضلہ کھانا پکانے کے تیل سے تیار کردہ ڈیزل کا قابل تجدید متبادل ہے۔

فیسٹیول میں اس سال، ایک عارضی، 20 میٹر ونڈ ٹربائن ( قابل تجدید توانائی کا ایک اور ذریعہ) بھی نصب کیا گیا ہے، جو کھانے کے اسٹالز کو اتنی توانائی فراہم کرتا ہے کہ وہ ایک دن میں 300 فریج چلا سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ گلیسٹنبری فیسٹیول کو ماحولیات پر اثرات ڈالنے کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کیونکہ تقریبات میں 2 لاکھ کے قریب افراد شرکت کرتے ہیں اور جب فیسٹیول ختم ہوتا ہے تو لوگوں کی جانب سے پھینکے گئے کچرے کے ڈھیر لگ جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ توانائی کے زیاں پر کی جانے والی تنقید سے بچنے کےلئے منتظمین نے اس بار متبادل توانائی کا استعمال کیا ہے۔