Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

ٹائیٹن سب کا ملبہ سمندر کی 4 ہزار میٹر گہرائی سے نکالنے کا فیصلہ

آبدوز ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے کے سفر پر زیرآب تباہ ہوگئی تھی
شائع 26 جون 2023 09:56am
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

امریکی کوسٹ گارڈ نے ایک سو گیارہ سال قبل ڈوبنے والے بحری جہاز ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کے لیے جانے والی ٹائٹن سبمرسیبل کی تباہی کی وجوہات کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ سب سے پہلے ٹائٹن کا مبلہ سمندر کی گہرائیوں سے نکالا جائے گا۔

چیف انویسٹی گیٹر سی پی ٹی جیسن نیوباؤر کا کہنا ہے کہ ان کی ترجیح ملبے کی بازیابی ہے، آبدوز پر سوار 5 افراد کی باقیات ملنے کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔

ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ کہا کہ تحقیقات میں دیوانی یا فوجداری الزامات کی سفارش کی جا سکے گی۔

ٹائٹن آبدوز 18 جون کو زیرآب تباہی سے دوچار ہوئی تھی اور اس میں سوار تمام پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

سی پی ٹی نیوباؤر نے اتوار کے روز بوسٹن میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ امریکی کوسٹ گارڈ نے اعلیٰ ترین سطح کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ معلوم کرنے کی کوشش کریں گے کہ تباہی کی وجہ کیا ہے ، اس حوالے سے مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے سفارشات پیش کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ تحقیقات کینیڈا، برطانیہ اور فرانسیسی حکام کے ساتھ مشترکہ طور پر کی جائیں گی۔

تحقیقات فی الحال ابتدائی مرحلے میں ہیں اور سب سے پہلے آبدوا ملبے کو سمندرسے نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔

اب تک 3,800 میٹر (12,467 فٹ) کی بلندی پر ٹائی ٹینک کے کمان کے قریب ملبے کے ایک بڑے میدان میں پانچ بڑے ٹکڑے ملے ہیں۔سی پی ٹی نیوباؤر کا کہنا ہے کہ اگر تفتیش کاروں کو آپریشن کے دوران انسانی باقیات دریافت کرتے ہیں تو ’تمام احتیاطی تدابیر‘ اختیار کی جائیں گی۔

انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ تحقیقات کے نتیجے میں سبمرسیبلز کے لیے سخت قواعد و ضوابط اور حفاظتی سفارشات سامنے آسکتی ہیں تاہم وہ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکے کہ تحقیقات مکمل ہونے میں کتنا وقت لگے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا کے شہر سینٹ جانز میں پہلے ہی انٹرویوز کیے جا رہے ہیں، جہاں ٹائٹن کے معاون بحری جہاز پولر پرنس نے آبدوز کو شمالی بحر اوقیانوس میں بھیجنے میں مدد دی تھی۔

کینیڈین تفتیش کار حادثے کی مشترکہ تحقیقات کیلئے ہفتے کے روز امدادی جہاز پرسوار ہوئے۔

صحافیوں سے گفتگو کے دوران امریکی کوسٹ گارڈ کے ریئر ایڈمرل جان موگر سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے اخراجات کے بارے میں پوچھا گیا لیکن انہوں نے جواب دینے سے انکار کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سرچ اینڈ ریسکیو کے لیے رقم لینا پالیسی نہیں اور یہ سروس انسانی جانوں یا سمندر کے ’خطرناک ماحول‘ میں لوگوں کو بچانے پر کوئی لاگت نہیں ڈالتی۔ انہوں نے کہا کہ ”ہم دوسروں کو بچانے کے لئے اپنے وسائل اور زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہوئے نظم و ضبط کے ساتھ آپریشن کرتے ہیں ۔“

Titanic Wreck

Submarine Titan

Titan Sub