Aaj News

ہفتہ, نومبر 09, 2024  
06 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم کی تنزلی، اب کس پوزیشن پر؟

ایشز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے دوسری پوزیشن پر آگئے
شائع 05 جولائ 2023 10:34pm

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی، جس میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں سے چھٹے نمبر پر آ گئے۔

آئی سی سی کی جاری کردہ ٹیسٹ کھلاڑیوں کی عالمی درجہ بندی میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن پہلے نمبر پر آگئے۔

آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ 4 درجہ ترقی پاکر دوسری پوزیشن پر آگئے، اسٹیو اسمتھ نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کی تھی۔

رینکنگ میں آسٹریلیا کے مارنو لبوشین تیسرے جبکہ کینگروز کے ہی بیٹر ٹریوس ہیڈ چوتھی پوزیشن پر قابض ہیں۔

اسی طرح انگلینڈ کے جو روٹ 4 درجے تنزلی کے بعد پہلی سے پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں سے چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔

آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت کے روی چندرن ایشو ن بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز 2 درجے بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

اس رینکنگ میں جنوبی افریقا کے رابادا تیسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ انگلینڈ کے جیمز اینڈریسن 2 درجے تنزلی کے بعد دوسرے سے چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں، رینکنگ میں پانچواں نمبر انگلینڈ کے اولی رابنسن کا ہے۔

پاکستان کے شاہین آفریدی رینکنگ میں ایک درجے بہتری کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔

دوسری جانب ون ڈے میں بابراعظم کی بادشاہت برقرار ہے، وہ بدستور 886 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قابض ہیں جبکہ فخر زمان اور امام الحق تیسری اور چوتھی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

ٹی20 کی عالمی رینکنگ میں بھارت کے سوریا کمار یادیو پہلے جبکہ محمد رضوان اور کپتان بابراعظم بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر قابض ہیں۔

babar azam

ICC

dubai

Joe Root

kane willamson

ICC Test Ranking

steven smith