Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

’سپہ سالار نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے 3 ارب ڈالرز لے کر دیے‘

ملک کو ڈیفالٹ سے نکالنے کےلئے آئی ایم ایف پروگرام میں جانا مجبوری تھی، شہباز شریف
اپ ڈیٹ 06 جولائ 2023 01:14pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی معیشت کی بحالی کی کوششوں میں ایک بار پھر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک کو ڈیفالٹ سے نکالنے کےلئے آئی ایم ایف پروگرام میں جانا مجبوری تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع تورغر کا دورہ کیا جہاں انہیں کیپٹن صفدر نے منصوبوں پر بریفنگ دی، وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

قبائلی عمائدین سے خطاب میں وزیراعظم نے ملکی معیشت کو دوبارہ سے مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سب نے ملک کر معیشت کو آگے لے کر جانا ہے۔ سپہ سالار نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے 3 ارب ڈالرز لے کر دیے، معاونت پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا شکر گزار ہوں۔

انھوں نے کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ سے نکالنے کے لئے آئی ایم ایف پروگرام ہماری ضرورت تھی، مجبوری کے تحت آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیا، ملکی دیوالیہ ہونے کی دعا کرنیوالے اندرونی و بیرونی دشمن ناکام ہوچکے ہیں۔

سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سویڈن واقعے پر پوری قوم رنجیدہ ہے، سویڈن واقعے کےخلاف احتجاج کرنا مسلم امہ کا حق ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں اقربا پروری اور رشوت پروان چڑھی، افسوس ہے یہ وہ پاکستان نہیں جس کیلئے ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دیں، من حیث القوم ملک کیلئے قربانیاں دینے والوں کی قدر نہیں ہوئی، پاکستان کی تقدیر بدلنے کیلئے ہمیں اجتماعی طور پر ارادہ کرنا ہوگا، ملکی ترقی کیلئے ہمیں محنت کو اوڑھنا بچھونا بنانا ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ضلع تورغر میں سڑکوں، پلوں اور دیگرمنصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ہے، تورغر میں اب ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ تورغر کے مشران نے پاکستان کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں، عمائدین اور مشران کی قربانیوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، ملک کیلئے قربانیاں دینے والوں کی اولاد سے مخاطب ہونے پر خوشی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف نےاپنے دور میں یہاں تاریخی منصوبے شروع کیے، گزشتہ حکومت نے منصوبوں کو سرد خانے میں ڈال دیا تھا، نواز شریف کے منصوبوں کو اب آگے بڑھایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں منصوبوں کیلئے رقم مختص کردی ہے، وفاقی حکومت منصوبوں کی تکمیل میں صوبے کی معاونت کرے گی۔

اسکول کا اعلان

وزیراعظم نے ضلع تورغر میں دانش اسکول کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دانش اسکول میں علاقےکے غریب بچے تعلیم حاصل کرسکیں گے، تعلیم اور صحت کی سہولیات عوام کا بنیادی حق ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے تورغر بونیر آر سی سی پل کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔

KPK

PM Shehbaz Sharif

TORGHAR DISTRICT

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div