Aaj News

منگل, اپريل 30, 2024  
21 Shawwal 1445  

مظفرگڑھ میں 3 بہنوں کا لرزہ خیز قتل، قاتل بھائی نکلا

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی
اپ ڈیٹ 19 جولائ 2023 10:38am
تصویر بذریعہ مصنف / ریسکیو اہلکار لاشیں اٹھاتے ہوئے
تصویر بذریعہ مصنف / ریسکیو اہلکار لاشیں اٹھاتے ہوئے

مظفرگڑھ میں تین کمسن بہنوں کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا گیا، بچیوں کا قاتل سگا بھائی نکلا۔

پولیس نے تفتیش کیلئے 3 بھائیوں کو گرفتار کیا تھا، جن میں سے ملزم باسط نے اعتراف جرم کرلیا۔

ضلعی پولیس آفیسر حسنین حیدر کے مطابق تھرمل کالونی میں تین بہنوں کے اندھے قتل کیس کو بارہ گھنٹوں میں کریک کیا گیا۔

ڈی پی او کے مطابق بچیوں کا قاتل سگا بڑا بھائی باسط نکلا جس نے پولیس تفتیش کے دوران اعتراف جرم کیا۔

ڈی پی او حسنین حیدر کے مطابق ملزم باسط قرضوں کی وجہ سے ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔ ملزم نے پیر کو بہنوں کو بہانے سے ایک کے بعد ایک قریبی کوارٹر میں لے جاتا رہا اور چھرے سے ذبح کرتا رہا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم باسط سے آلہ قتل برآمد کر لیا گیا ہے قتل ہونے والی تینوں بہنوں کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد میتوں کو چکوال آبائی گاؤں روانہ کر دیا جائے گا۔

گزشتہ روز پنجاب کے شہر مظفر گڑھ کی تھرمل پاور کالونی میں تین کمسن بہنوں کو اغوا کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی تھی۔

پولیس کے مطابق دو بہنیں سات سالہ فاطمہ اور آٹھ سالہ زہرہ کھیلنے گئیں اور کافی دیر تک واپس نہ آئیں۔ بہنوں کو ڈھونڈ نے کے لئے جانے والی گیارہ سالہ بہن اریشہ بھی گھر واپس نہ آئی۔

واقعہ کے حوالے سے پولیس کا مزید کہنا تھا کہ صبح ہونے پر تینوں بہنوں کی لاشیں ان کے گھر کے ساتھ موجود خالی کوارٹر سے برآمد ہوئیں۔ بچیوں کو گلے کاٹ کر قتل کیا گیا۔

آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کرلی۔

عثمان انور نے حکم دیا کہ سی سی ٹی وی کیمروں اور شواہد کی مدد سے ملزمان کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے، ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

دوسری طرف نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی مظفر گڑھ میں 3 بچیوں کی لاشیں برآمد ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کرلی۔

محسن نقوی نے افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے، لواحقین کو انصاف کی فوری فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

Child Rape

Punjab police

child torture

rescue 1122

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div