Aaj News

بدھ, مئ 01, 2024  
22 Shawwal 1445  

پاکستان نے سری لنکا کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا

قومی ٹیم کے ہاتھوں لنکن ٹائیگرز کو اننگز اور 222 رنز سے شکست
اپ ڈیٹ 27 جولائ 2023 04:35pm
فوٹو۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا
فوٹو۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا

پاکستان نے سری لنکا کو 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کردیا۔

کولمبو میں کھیلے جانے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں قومی ٹیم نے میزبان ٹیم کو اننگز اور 222 رنز سے شکست دے کر سیریز بھی 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

کھیل کا چوتھا روز

کھیل کے چوتھے روز دوسری اننگز میں پاکستانی بولرز مکمل طور پر لنکن ٹائیگرز پر چھائے رہے اور سری لنکا کی پوری ٹیم 188 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 3 وکٹیں نسیم شاہ کے حصے میں آئیں۔

نعمان علی نے 5 سری لنکن بیٹرز کو کیچ آؤٹ کرایا جبکہ ایک کھلاڑی کو انہوں نے بولڈ کیا اور ایک کھلاڑی کو اسٹمپ آؤٹ کرایا۔

سری لنکا کی پہلی وکٹ 69، دوسری 86، تیسری 99، چوتھی 109، پانچویں 131، چھٹی 141، ساتویں 177، آٹھویں 184، نویں اور دسویں وکٹ 188 رنز پر گری اور یوں یہ ٹیسٹ میچ چوتھے دن پاکستان کی بڑی جیت کے ساتھ ختم ہوگیا۔

پاکستان کی شاندار بولنگ کے باعث دوسری اننگز میں سری لنکا کے 5 بیٹرز ڈبل فیگر اسکور بھی نہ کرسکے جبکہ سب سے زیادہ 63 رنز انجیلو میتھیوز نے بنائے جبکہ کپتان ویموتھ کرونا رتنے نے 41 اور نشان مدوشکا نے 33 رنز کی اننگز کھیلیں۔

دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے 576 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کی تھی، سلمان علی آغا 132 جبکہ محمد رضوان 50 رنز بنا کر نا ٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان نے اننگ ڈیکلیئر کردی

اس سے قبل آج پاکستان نے دن کے آغاز پر کچھ ہی دیر بیٹنگ کرنے کے بعد سری لنکا پر 410 رنز کی برتری حاصل کرتے ہی 576 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کی تھی۔

آج کے دن کا کھیل شروع کرنے والے آغا سلمان 132 اور محمد رضوان 50 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

مجموعی طور پر پہلی اننگ میں پاکستان ٹیم کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے، عبداللّٰہ شفیق نے 4 چھکے اور 19 چوکوں کی مدد سے 201 رنز بنائے۔

سعود شکیل 57، شان مسعود 51، بابر اعظم 39، سرفراز احمد 14 اور امام الحق نے 6 رنز بنائے۔

کھیل کا تیسرا روز

سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز قومی ٹیم نے 178 رنز سے اننگز کا آغاز کیا، عبداللہ شفیق نے ڈبل سیچری اسکور کی، انہوں نے 326 گیندوں پر 19 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 201 بنائے، دیگر کھلاڑیوں میں کپتان بابراعظم 39 جبکہ سعود شکیل 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد 14 رنز بناکر ہیلمٹ پر گیند لگنے باعث ’’ریٹائرڈ ہرٹ‘‘ ہوئے جبکہ آغا سلمان 132 اور محمد رضوان 37 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

سری لنکا کی جانب سے اسھیتا فرنینڈو نے 3 جبکہ پرباتھ جے سوریا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

کھیل کا دوسرا روز

سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکا کی پوری ٹیم 166 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جبکہ قومی ٹیم نے 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 12 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے جارحانہ 47 گیندوں پر 51 اور امام الحق 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کپتان بابراعظم 28 جبکہ اوپنر عبداللہ شفیق 87 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

سری لنکا کی جانب سے دونوں کھلاڑیوں کو اسھیتا فرنینڈو نے آؤٹ کیا۔

کھیل کا پہلا روز

گزشتہ روز سری لنکا ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں محض 166 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی جبکہ پاکستان نے کھیل کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے تھے۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو 13 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کی پہلی وکٹ گر گئی۔ اوپنر امام الحق 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر عبداللہ شفیق اور شان مسعود دونوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں، شان مسعود 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کو سری لنکا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 21 رنز درکار ہیں۔ عبداللہ شفیق 74 اور بابر اعظم 8 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

قبل ازیں سری لنکا نے بیٹنگ شروع کی تو 9 رنز کے اسکور پر اوپنر نشان مدوشکا رن آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 4 رنز بنائے۔ انکے بعد آنے والے کسال مینڈس 6 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔

سری لنکا کی تیسری وکٹ 35 کے مجموعی اسکور پر گری، یہاں اینجلو میتھیوز 9 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کپتان دیموتھ کرونارتنے 17 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

چوتھی وکٹ گرنے کے بعد دنیش چندی مل اور دھننجیا ڈی سلوا کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 85 رنز بنائے گئے لیکن 121 کے مجموعی اسکور پر 34 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔

دنیش چندی مل کے آؤٹ ہوتے ہی سری لنکن بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور چھٹی وکٹ 122 رنز اور ساتویں وکٹ 133 رنز پر گرگئی۔ وکٹ کیپر بلے باز سدیرا سماراوکراما صفر اور دھننجیا ڈی سلوا 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میزبان ٹیم کی آٹھویں وکٹ 136 رنز، نویں وکٹ 163 رنز اور آخری وکٹ 166 رنز پر گری۔

قومی ٹیم کی جانب سے لیگ اسپنر ابرار احمد نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ 3 اور شاہین شاہ آفریدی ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

میچ کولمبو میں کھیلا جا رہا ہے جبکہ بارش کے باعث پہلے روز کا کھیل تاخیر سے شروع ہوا۔

پاکستان نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ سری لنکا کی جانب سے بائیں ہاتھ کے بولر دلشان مادو شناکا ٹیم میں ڈیبیو کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹیم میں اسیتھا فرنینڈو کو شامل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

pakistan vs sri lanka

colombo test

Innings Declared

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div