Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

سی پیک سے پاک چین مشترکہ معاشرہ تشکیل پائے گا، چینی صدر کا 10 برس پورے ہونے پر پیغام

چین ہمیشہ ثابت قدمی سے پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا، صدر شی پھنگ
شائع 31 جولائ 2023 11:42pm

چینی صدر شی جن پھنگ نے سی پیک کے 10 برس پورے ہونے پر کہا ہے کہ چین پاک اقتصادی راہداری چین اور پاکستان کے درمیان چار موسموں کی دوستی کا جیتا جاگتا ثبوت بن گئی ہے، سی پیک پاک چین سدا بہار دوستی کی درخشندہ مثال ہے اور پاک چین قریبی معاشرے کیلئے بنیاد فراہم کرتی ہے جو ایک نئے دور میں مستقبل مشترکہ کا حامل ہوگا۔

سی پیک کے آغاز کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب کے نام تہنیتی پیغام میں چینی صدر شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ چین پاک اقتصادی راہداری بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کا اہم ترین اولین منصوبہ ہے۔

چینی صدر کا کہنا تھا کہ 2013 میں اس کے افتتاح سے لے کر اب تک دونوں ممالک مشترکہ مشاورت، تعمیر اور مشترکہ شیئرنگ کے اصولوں کے مطابق سی پیک منصوبوں کی تعمیر کو آگے بڑھا رہے ہیں اور متعدد ابتدائی ثمرات حاصل کئے گئے ہیں، جن کی بدولت نہ صرف پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی کو نئی قوت محرکہ ملی ہے بلکہ خطے میں باہمی رابطے اور انضمام کے عمل کے لئے اچھی بنیاد ڈالی گئی ہے۔

چینی صدر نے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری چین اور پاکستان کے درمیان چار موسموں کی دوستی کا جیتا جاگتا ثبوت بن گئی ہے، یہ راہداری دونوں ممالک کے درمیان نئے دور میں قریب تر چین پاک ہم نصیب معاشرہ تشکیل دینے میں اہم حمایت بھی فراہم کر چکی ہے۔

صدر شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل میں چین پاکستان کے ساتھ مل کر اعلیٰ معیاری، پائیدار اور عوام دوست اہداف پر قائم رہتے ہوئے منصوبہ بندی اور انتظامات کو بہتر بنانے اور تعاون کو توسیع دینے کا خواہاں ہے، تاکہ سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کے اعلیٰ معیار کے ساتھ مشترکہ تعمیر کے شعبے میں ایک مثالی منصوبہ بنایا جائے۔

چینی صدر نے کہاکہ چاہے بین الاقوامی صورتحال میں کتنی ہی تبدیلیاں رونما کیوں نہ ہوں، چین ہمیشہ ثابت قدمی سے پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ہاتھ میں ہاتھ اور شانہ بہ شانہ ہماری آہنی دوستی کو فروغ دیتے ہوئے ترقی اور سلامتی کو بہتر انداز میں مربوط کرے گا۔

شی جن پھنگ کا مزید کہنا تھا کہ ہم بہتر معیار کے ساتھ وسیع تر پیمانے پر مزید گہرا تعاون کرتے ہوئے چین پاک آل ویدر اسٹرٹیجک پارٹنرشپ کو نئی بلندی تک پہنچائیں گے، اور دونوں ممالک نیز خطے کے امن و خوشحالی کے لئے مزید خدمات سرانجام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاک چین سدا بہار دوستی کی درخشندہ مثال ہے اور پاک چین قریبی معاشرے کیلئے بنیاد فراہم کرتی ہے جو ایک نئے دور میں مستقبل مشترکہ کا حامل ہوگا۔

CPEC

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div