Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

ہاؤسنگ سوسائٹیز کو اسلام آباد کا نام استعمال کرنے سے روک دیا گیا

اشتہار دیے جائیں کہ یہ سوسائٹیز اسلام آباد کی حدود میں نہیں، اسلام آبادہائیکورٹ
شائع 18 اگست 2023 11:01am
تصویر: گوگل
تصویر: گوگل

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہرنے ہاؤسنگ سوسائٹیز کی رجسٹریشن منسوخی کے خلاف کیس کا فیصلہ جاری کردیا، جس میں اسلام آباد سے باہر قائم ہاؤسنگ سوسائٹیز کو اسلام آباد کا نام استعمال کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

عدالت نے وفاقی دارالحکومت سے باہر سوسائٹیز کو نام کے ساتھ اسلام آباد کا لفظ ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے فیصلہ میں کہا ہے کہ سوسائٹیز نام میں تبدیلی کریں، نام تبدیلی سے تاثرختم ہوگا کہ یہ سوسائٹیزاسلام آباد کی حدود میں واقع ہیں۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سوسائٹیز کے خرچ پر اخبارات میں اشتہار دیے جائیں کہ یہ سوسائٹیز اسلام آباد کی حدود میں نہیں ہیں، اور عوامی آگاہی کیلئے اشتہارات ہاؤسنگ سوسائٹیز کے دفاتر کے باہر مستقل چسپاں کیے جائیں۔

فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کا نام استعمال کرکے چالاکی سے عوام کو تاثر دیا جا رہا ہے کہ سوسائٹیز اسلام آباد میں ہیں۔

ہاؤسنگ سوسائٹیز کی رجسٹریشن منسوخی کالعدم قرار

عدالت نے اسلام آباد کی حدود سے باہر واقع 18 ہاؤسنگ سوسائٹیز کی رجسٹریشن منسوخی کالعدم قرار دیتے ہوئے ان سوسائٹیز کی رجسٹریشن بحال کردی ہے۔

عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ رجسٹرار کوآپریٹوسوسائٹیز نے سوسائٹیز کی رجسٹریشن منسوخی کرتے وقت قانونی تقاضے پورے نہیں کئے، رجسٹرار پہلے خود کو مطمئن کرے کہ کیا سوسائٹیز نے رجسٹریشن کے ایک سال کے اندر ڈویلپمنٹ شیڈول دیا۔

فیصلے میں حکم دیا گیا ہے کہ رجسٹرار انکوائری کرے کیا پروجیکٹ کے لئے جگہ ایکوائر کی گئی، اگر نہیں تو ان کے فنانشل افیئرز کی انکوائری کریں، اور یہ بھی انکوائری کرے ہاؤسنگ سوسائٹیز کے پاس کیا ہاؤسنگ اسکیم چلانے کی صلاحیت ہے۔

فیصلے میں تحریر ہے کہ مختلف انکوائریز کے بعد رجسٹرار سوسائٹیز قانون کے مطابق دوبارہ کارروائی کر سکیں گے، رجسٹرار تصدیق کرے گا کہ کیا سوسائٹیز نے مقررہ وقت میں متعلقہ صوبے میں ڈیٹا فراہم کیا، اگرسوسائٹیزنے ہاؤسنگ پروجیکٹ پر عمل درآمد کرنے کا ڈیٹا نہیں دیا تورجسٹرار کارروائی کرسکتا ہے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ رجسٹرار انکوائری کرے گا کیا سوسائٹیز نے متعلقہ صوبوں میں پروجیکٹس بروقت مکمل کئے، اور پنجاب کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ سے بھی اس حوالے سے معاونت لے سکے گا، دوماہ میں رجسٹرارکوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز رجسٹرار ہائیکورٹ کو عمل درآمد رپورٹ دیں۔

فیصلے میں تحریر ہے کہ عدالت کے سامنے آیا ہے رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز نے کبھی بھی قانون پر عمل نہیں کرایا، ہاؤسنگ سوسائٹیز کی ورکنگ اور ان کے فنانشل افیئرز کو کبھی مانیٹر نہیں کیا گیا۔

Islamabad High Court

Housing societies

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div