Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
23 Shawwal 1445  

کوئٹہ: صوبائی مشیر معدنیات عمیر حسنی کا مسلح محافظو ں کے ساتھ سول اسپتال کا دورہ، عملے کا احتجاج

عمیر حسنی نے اسپتال میں رونما ہونے والے نا خوشگوار واقعہ پر معذرت کرلی
شائع 25 اگست 2023 12:00am
فوٹو ــ اسکرین گریب
فوٹو ــ اسکرین گریب

بلوچستان کے نگراں مشیر معدنیات عمیر محمد حسنی نے ٹراما سینٹر سول اسپتال میں رونما ہونے والے ناخوشگوار واقعہ پر ٹراما سینٹر کے ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف سے دلی معذرت کرلی ہے۔

صوبائی مشیر معدنیات عمیر محمد حسنی نے سول اسپتال ٹراما سینٹر کوئٹہ کا دورہ کیا تھا۔ صوبائی مشیر کے ہمراہ 10 سے زائد مسلح محافظ اور تقریبا 30 سے زائد دیگر افراد موجود تھے۔

اسپتال انتظامیہ نے مسلح محافظ اور دیگر افراد کو ٹراما سینٹر میں جانے سے روکنے کی کوشش کی تو صوبائی مشیر کے مسلح محافظوں نے اسپتال حکام کو مبینہ زد و کوب کیا۔

جس پر ٹراما سینٹر کے عملے نے صوبائی مشیر کے رویے کے خلاف کام روک کر احتجاج کیا۔ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر ٹراما سینٹر کے عملے نے اسپتال خالی کردیا تھا۔

اپنے ایک بیان میں نگراں صوبائی مشیر نے تسلیم کیا ہے کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ تھا جو ایک غلط فہمی کی بنیاد پر رونما ہوا۔

صوبائی مشیر نے کہا کہ ذمہ دار حکومتی نمائندہ کی حیثیت سے عوام کی خدمت ان کی ذمہ داری ہے، خاص طور پر پہلے سے مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کی داد رسی ان کا اخلاقی فریضہ بھی ہے۔

انھوں نے ٹراما سینٹر کے فرض شناس اسٹاف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ سے وہ خود بھی ایسے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں صوبائی مشیر کے دورے سے متعلق اسپتال حکام کو پہلے ہی اطلاع دی گئی تھی۔

quetta

Balochistan Caretaker Setup

Civil Hospital Quetta

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div