Aaj News

منگل, مئ 14, 2024  
05 Dhul-Qadah 1445  

’دی جنریٹر از بیک‘ حسن علی کا ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہونے پر خوشی کا اظہار

حسن علی نے ایکس ٹوئٹر پر ’دی جنریٹر از بیک‘ کے کیپشن کے ساتھ تصویر پوسٹ کی ہے
شائع 22 ستمبر 2023 04:16pm

فاسٹ بولر حسن علی کو ورلڈ کپ کے لئے قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے، جس پر قومی کرکٹر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹر ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس پر لکھا ہے کہ ’دی جنریٹراز بیک‘۔

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے آج پریس کانفرنس میں ورلڈ کپ 2023 کے لئے قومی ٹیم کا اعلان کیا اور بتایا کہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کے انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد تجربہ کار حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ حسن علی تجربہ کار کھلاڑی ہیں، ایشیا کپ میں حسن علی دستیاب نہیں تھےاس لئے زمان خان کو لیا تھا۔

قومی اسکواڈ میں شامل ہونے پر حسن علی نے خوشی کا اظہار کیا اور ٹویٹر پر اپنی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ’دی جنریٹر از بیک۔

فاسٹ بولر حسن علی نے ایکس ٹوئٹر پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا کہ اپنے ملک کے لیے ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع ملنے پر بہت خوش ہوں، اور سپورٹ کرنے والے فینز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں: بابر اعظم نے ورلڈ کپ کیلئے کس خواہش کا اظہار کیا، ذکاء اشرف نے بتادیا

حسن علی نے اپنے چاہنے والوں سے اپیل کی کہ مجھے اور ہماری ٹیم کو دعاؤں میں یاد رکھیں، ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اچھی کارکردگی دینے کی کوشش کروں گا۔

واضح رہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں بابر اعظم، شاداب خان، وکٹ کیپر محمد رضوان، فخر زمان، امام الحق، سعود شکیل اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر کے مطابق افتخار احمد، سلمان علی آغا، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور محمد وسیم جونیئر بھی قوامی اسکواڈ کا حصہ ہیں، جب کہ ریزرو کھلاڑیوں میں زمان خان، ابرار احمد اور وکٹ کیپر محمد حارث ہوں گے۔

Pakistan Cricket Team

Hasan Ali

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

Pakistani Cricketer

World Cup Squad