Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر ن لیگ اور ق لیگ نے کمیٹیاں بنادیں

ن لیگی کمیٹی میں رانا ثناء اللہ ایاز صادق اور سعد رفیق شامل ہیں
شائع 25 ستمبر 2023 12:29pm

مسلم لیگ ق کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین کا کہنا ہے کہ الیکشن میں ق لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ن لیگ اور ہم نے کمیٹیاں بنا دی ہیں، ن لیگی کمیٹی میں رانا ثناء اللہ ایاز صادق اور سعد رفیق شامل ہیں۔

گجرات میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری شافع کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں ن لیگ کے ساتھ مل کر میدان میں اتریں گے، الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ن لی اور ق لیگ نے اپنی اپنی کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔

چوہدری شافع نے بتایا کہ ن لیگ کی کمیٹی میں رانا ثناء اللہ ایاز صادق اور سعد رفیق شامل ہیں، جب کہ ق لیگ کی طرف سے کمیٹی میں چوہدری سالک حسین، طارق بشیر چیمہ اور چوہدری سرور شامل ہیں۔

ق لیگ کے رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، لیکن امید ہے کہ اس بار سندھ سے بھی ق لیگ کی کچھ سیٹیں نکلیں گی۔

چوہدری شافع کا کہنا تھا کہ ن لیگ والوں کی جانب سے یہ بھی بیان آرہا ہے کہ شاید سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرلیں، اگر ن لیگ والے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں بھی کرتے تو ہم اوپن الیکشن کے لیے تیار ہیں، پنجاب میں ہم اپنے 15 سے 20 امیدوار الیکشن میں کھڑے کریں گے۔

ق لیگ کے رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کرانے کا کہہ دیا ہے، اب الیکشن میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، اور چیئرمین پی ٹی آئی سمیت ہر ایک کو الیکشن لڑنے کا موقع ملنا چاہیے، ہم تو الیکشن کی اسی طرح ہی تیاری کرتے رہیں گے، اور ہر حال میں یہاں سے الیکشن لڑیں گے۔

چوہدری شافع نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں ریکارڈ کرپشن ہوئی، ٹرانفسر پوسٹنگ کے پیسے لیے گئے، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو لیگل کروائے کے پیسے لیے گئے۔

PMLN

PMLQ

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div