Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

مستونگ دھماکا: بلوچستان حکومت کا شہدا کے لواحقین کو فی کس 15 لاکھ روپے دینے کا اعلان

شدید زخمی کو 5 لاکھ اور معمولی زخمی کو 2 لاکھ روپے دیے جائیں گے، وزیراطلاعات
اپ ڈیٹ 01 اکتوبر 2023 04:28pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

نگراں وزیراطلاعات بلوچستان نے مستونگ دھماکے کے شہدا کے لواحقین کو فی کس 15 لاکھ روپے، شدید زخمی کو5 لاکھ اور معمولی زخمی کو 2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیراطلاعات جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ سے دہشتگردوں کو فائدہ ہوتا ہے، جس کی روک تھام کیلئےاقدامات کیےجائیں گے، ایرانی تیل کے حوالے سے اقدامات کو تیز کیا جائے گا۔

جان اچکزئی نے کہا کہ بیرونی طاقتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہے، دہشت گردی سے پڑوسی ملک تانے بانے ملتے ہیں، پہلے بھی دہشت گردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے رہے ہیں، دشمن منظم انداز میں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں مصروف ہے مگر وہ کامیاب نہیں ہوگا، پاکستان کےعوام بالخصوص بلوچستان کے باسی دہشت گردوں کیخلاف کھڑے ہیں، تمام ریاستی طاقت سے دہشت گردی کو شکست دیں گے، ہم ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے۔

نگراں وزیراطلاعت نے مستونگ دھماکے کے شہدا کے لواحقین کو فی کس 15 لاکھ روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سانحے کے شدید زخمی کو 5 لاکھ اور معمولی زخمی کو 2 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، وفاقی حکومت سے رابطے میں ہیں تاکہ پیکج کو بڑھایا جا سکے۔

مزید پڑھیں:

مستونگ میں ہونے والے خود کش دھماکے کی ویڈیو سامنے آگئی

مستونگ: عید میلادالنبی جلوس میں خود کش دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 55 شہید، 60 زخمی

مستونگ دھماکا اسلام اور ملک دشمن عناصر کی طرف سے حملہ ہے، دفاعی ماہرین

جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ مستونگ میں 56 افراد شہید ہوئے، سانحے پر ہر پاکستانی نے دکھ کا اظہار کیا، ہم شہداء کے لواحقین کی جتنی ممکن ہوگی مدد کریں گے، جلسے جلوس ہر شہری کا حق ہے، ہمارا کام سیکیورٹی دینا ہے۔

نگراں وزیر نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اس وژن کا اظہار کیا کہ سانحہ مستونگ کا بدلہ لیا جائےگا، دہشت گردی کو روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ہم اپنے شہداء کا بدلہ ضرور لیں گے اور دہشت گردوں کو ان کے بلوں سے نکالیں گے۔

جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے دہشتگردوں کا صفایا ضرور ممکن بنایا جائے گا، یہاں کسی کو پر امن ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، صوبے کا مستقبل روشن و خوشحال دیکھ رہا ہوں، مستونگ واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانے کا تہیہ کیا ہے، پاکستان کے عوام اور فورسز کے تعاون سے دہشتگردی کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

Mastoong

mastoong blast