Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

سوات: چار باغ میں خواتین کو کرکٹ کھیلنے سے روک دیا گیا

پریکٹس میچ کے دوران مقامی عمائدین نے جمع ہوکر میچ روک دینے کے لیے کہا۔
اپ ڈیٹ 02 اکتوبر 2023 07:55pm
تصویر: ایم ایم نیوز
تصویر: ایم ایم نیوز

سوات میں خواتین کھلاڑیوں کو کرکٹ میچ کھیلنے سے روک دیا گیا۔

سوات کے علاقے چارباغ میں مقامی عمائدین نے خواتین کھلاڑیوں کوکرکٹ کھیلنے سے روکا۔

گل کدہ اورکانجو کی ٹیموں کے درمیان پریکٹس میچ ہورہا تھا کہ اسی دوران مقامی عمائدین نے وہاں جمع ہو کر کھلاڑیوں کو میچ روک دینے کے لیے کہا۔

ایک عینی شاہد نے ڈان کو بتایا کہ بزرگوں نے منتظمین پر چیخنا شروع کر دیا اور کہا کہ لڑکیوں کا کھلے میدان میں کرکٹ کھیلنا غیر مہذب ہے اور انہیں کبھی بھی ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

علاقہ عمائدین نے بھی وائس چانسلر سے درخواست کی کہ وہ علاقے میں لڑکیوں کو کرکٹ کھیلنے سے روکیں۔

علاقے کے ڈی ایس پی اور اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر پہنچ کر میچ کو عارضی طور پر کینسل کردیا۔

کھلاڑیوں نے کرکٹ میچوں میں شرکت کو اپنا حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اعلیٰ سطح پر کھیلنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

میچ کے منتظم ایاز نائیک نے بزرگوں اور مقامی لوگوں کے رویے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ لڑکیاں پیشہ ورانہ طور پر کھیلنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اور ان کی بیٹی نے پیشہ ور کرکٹرز کے ساتھ مل کر چارباغ کرکٹ سٹیڈیم میں میچ کا انعقاد کیا کیونکہ مینگورہ میں تعمیراتی کام جاری تھا۔

واقعے کے بعد چیئرمین چار باغ احسان اللہ نے واضح کیا کہ وہ خواتین کے کرکٹ کھیلنے کے خلاف نہیں ہیں۔

احسان اللہ کے مطابق علاقے میں امن ومان کی صورتحال ٹھیک نہیں ہے، اس لیے میچ کو کینسل کردیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر محمد یار خان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سوات کی تحصیل چارباغ میں خواتین کرکٹ ٹیم کے میچ کا مقام طے کرنے کے لیے حکام (کل) منگل کو ملاقات کریں گے۔

اسسٹنٹ کمشنر چار باغ محمد یار خان نے پیر کو آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہم خواتین کرکٹ میچ کا انعقاد کریں گے لیکن مقام کا فیصلہ کرنے کے بعد۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے ابھی تک مقام کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔‘

cricket

Swat

Women Cricket

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div