Aaj News

جمعہ, مئ 03, 2024  
24 Shawwal 1445  

ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ: انگلینڈ کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 283 رنز کا ہدف

انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 282رنز اسکور کیے
اپ ڈیٹ 05 اکتوبر 2023 05:47pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ کرک انفو
فوٹو۔۔۔۔۔۔ کرک انفو

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 283 رنز کا ہدف دے دیا۔

بھارتی شہر احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز مین 9 وکٹوں کے نقصان پر 282رنز اسکور کیے۔

انگلش ٹیم کے اوپنرز نے 40 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم انگلینڈ کو پہلا نقصان اوپنر ڈیوڈ ملان کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہیں 14 رنز پر میٹ ہینری نے پویلین بھیجا، بعدازاں جونی بیئر اسٹو 33، ہیری بروک 25 اور معین علی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

4 وکٹیں گرنے کے بعد جو روٹ اور کپتان جوز بٹلر نے ذمہ درانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، جوز بٹلر 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس کے علاوہ جو روٹ نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 86 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 77 رنز بنائے۔

اس کے علاوہ لیام لیونگسٹن نے 20 ، سام کُرن نے 14 اور کرس ووکس نے 11 رنز بنائے۔ اختتامی اوورز میں عادل رشید اور مارک ووڈ کے درمیان 30 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی ، عادل رشید نے 15 اور مارک ووڈ نے 13 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 3، مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے 2، 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور راچن رویندرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

ٹاس کے بعد کیوی کپتان ٹام لیتھم کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کا ہر میچ اہم ہے، انگلینڈ کی ٹیم کو کم اسکو پر روکیں گے۔

دوسری جانب انگلش کپتان جاس بٹلر کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی بولنگ ہی کرتے، البتہ کوشش کریں گے زیادہ سے زیادہ رنز بنائیں۔

انگلش اسکواڈ

انگلینڈ کی قیادت وکٹ کیپر بلے باز جاس بٹلر کر رہے ہیں، ان کے علاوہ انگلش پلیئنگ الیون میں جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملن، جو روٹ، ہیری بروک، معین علی، لائم لیونگسٹن، کرس ووکس، سیم کرن، عادل راشد اور فاست بولر مارک ووڈ شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ اسکواڈ

کین ولیئمسن کی عدم موجودگی میں وکٹ کیپر ٹام لیتھم نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان مقرر ہیں، نیوزی لینڈ اسکواڈ میں ڈیون کانوے، ول ینگ، رچن روندرہ، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چپمین، مچل سینٹینر، جیمز نیشم، میٹ ہینری اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 2019 کے ورلڈ کپ فائنل میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا تھا اور بلآخر انگلینڈ سپر اوور میں کامیاب قرار پائی تھی۔

گزشتہ ورلڈ کپ فائنلسٹ ٹیمیں احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایونٹ کا آغاز کر چکی ہیں، دونوں ٹیموں کا پلڑا ایک دوسرے کے مدمقابل تقریباً برابر ہی تصور کیا جا سکتا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل میں 95 مقابلے ہوئے جن میں سے 45 انگلینڈ اور نیوزی لینڈ 44 میچز میں کامیابی سمیٹ چکا ہے، اس کے علاوہ چار میچز بلا نتیجہ جب کہ دو میچز برار ہوچکے ہیں۔

میگا ایونٹ میں 10 ٹیمیں مجموعی طور پر 45 گروپ اسٹیج مقابلوں میں 5 اکتوبر تا 12 نومبر تک 10 مختلف مقامات پر ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

گروپ اسٹیج کی ٹاپ 4 ٹیمیں ورلڈ کپ سیمی فائنلز میں کوالیفائی کریں گی، پہلا سیمی فائنل گروپ اسٹیج کی پہلی اور چوتھی ٹیم کے درمیان ممبی میں 15 نومبر کو ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں گروپ اسٹیج کی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں کولکتہ میں مدمقابل ہوں گی۔

اس کے علاوہ ورلڈ کپ فائنل احمد آباد میں موجود دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم میں 19 نومبر کو کھیلا جائے گا، سیمی فائنل اور فائنل میں ریزرو ڈے ہوں گے۔

میزبان بھارت 8 اکتوبر کو چنئی میں پانچ بار کی فاتح آسٹریلیا کے خلاف مقابلہ کرے گا جب کہ روایتی حریف بھارت اور پاکستان کے درمیان دلچسپ ترین میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کے مقامات

احمد آباد کا اسٹیڈیم ٹورنامنٹ کے افتتاحی اور فائنل کی میزبانی کرے گا دیگر 9 مقامات میں بنگلورو، چنئی، دہلی، دھرم شالا، حیدرآباد، کولکتہ، لکھنؤ، ممبئی اور پونے شامل ہیں۔

میچز کے اوقات کار

ورلڈ کپ 2023 کے صرف 6 میچز بھارتی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 10 بجے شروع ہوں گے جب کہ دیگر تمام مقابلوں کا آغاز دوپہر کے 2 بجے ہوگا جو رات تک جاری رہیں گے۔

ورلڈ کپ کیلئے فیورٹ کونسی ٹیمیں ہیں؟

بھارت کو ٹورنامنٹ جیتنے کے لئے فیورٹ سمجھا جارہا ہے تاہم آسٹریلیا، دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور جنوبی افریقا بھی مضبوط حریف ہیں۔ یہ ایک دلچسپ ٹورنامنٹ ہونے جا رہا ہے جس میں دنیا بھر کی کچھ بہترین کرکٹ ٹیمیں عالمی چیمپیئن کے ٹائٹل کے لئے مقابلہ کریں گی۔

Ahmedabad

England vs New zealand

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div