Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
20 Shawwal 1445  

ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کو مسلسل دوسری شکست، جنوبی افریقا 134 رنز سے کامیاب

آسٹریلیا کی پوری ٹیم 40.5 اوورز میں 177 رنز پر ڈھیر ہوگئی
اپ ڈیٹ 12 اکتوبر 2023 09:36pm
فوٹو — کرک انفو
فوٹو — کرک انفو

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 10ویں میچ میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو باآسانی 134 رنز سے شکست دے دی۔

لکھنؤ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا کی جانب سے دیے گئے 312 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 40.5 اوورز میں 177 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

رواں ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کی یہ مسلسل دوسری کامیابی جبکہ آسٹریلیا کی مسلسل دوسری شکست ہے۔

لکھنو کے بھارت رتن شری اٹل بہاری واجپائی ایکانا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقا کی بیٹنگ

جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے اور آسٹریلیا کے لیے 312 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹر کوئنٹن ڈی کوک اور کپتان ٹیمبا باووما نے کیا، دونوں کے درمیان 108 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی اور پھر باووما 20 ویں اوور میں گلین میکسویل کی گیند پر 35 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد ڈی کوک اور وین ڈر ڈوسن کے درمیان دوسری وکٹ پر 50 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، جنوبی افریقا کی دوسری وکٹ 158 رنز پر 28.3 اوورز میں گری جب رسی وینڈر ڈوسن 26 رنز بنا کر ایڈم زیمپا کا شکار بنے۔

2 وکٹیں گرنے کے بعد اوپنر کوئنٹن ڈی کاک نے ایک اینڈ سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور انہوں نے ایڈن مارکرم کے ساتھ ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شاٹس لگائے، اس دوران ڈی کوک نے 90 گیندوں پر 5 چکھوں اور 8 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی، ڈی کوک کی ایونٹ میں یہ مسلسل دوسری سنچری ہے۔

197 رنز پر کوئنٹن ڈی کوک بھی 109 رنز بناکر گلین میکس ویل کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے۔

اس کے علاوہ ایڈن مارکرم 56، ہینرک کلاسن 29، ڈیوڈ ملر 17 اور مارکو جینسن 26 رنز بناکر وکٹ گنوابیٹھے اور یوں جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور گلین میکسویل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور ایڈم زیمپا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کی اننگز

جنوبی افریقا کے 312 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور وکٹیں وقفے وقفے سے مسلسل گرتی رہیں، کوئی بھی بیٹر افریقی بولرز کی شاندار بولنگ کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔

ہدف کے تعاقب میں 70 کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا کے 6 بیٹرز پویلین لوٹ چکے تھے، مچل مارش 7، ڈیوڈ وارنر 13، اسٹیو اسمتھ 19، جوش انگلس 5، میکسویل 3 اور اسٹوئنس 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ایسے میں مارنس لبوشین نے جنوبی افریقی بولرز کے سامنے تھوڑی مزاحمت کی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو جیت نہ دلواسکے اور 46 رنز پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

اس کے علاوہ مچل اسٹارک 27، کپتان پیٹ کمنز 22، زیمپا نے 11 رنز بنائے، یوں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 41 ویں اوور میں 177 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے رباڈا نے 8 اوورز میں 33 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مارکو جینسن ، کیشو مہاراج اور تبریز شمسی نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔

شاندار بیٹنگ کرنے پر جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کو رواں ورلڈکپ میں مسلسل دوسرے میچ میں شکست ہوئی جبکہ جنوبی افریقا نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔

آسٹریلیا کو ورلڈکپ کے پہلے میچ میں بھارت نے شکست دی تھی جبکہ جنوبی افریقا نے سری لنکا کو ہرایا تھا۔

پوائنٹس ٹیبل

آئی سی سی ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو جنوبی افریقا پہلے، نیوزی لینڈ دوسرے، بھارت تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

گروپ اسٹیج کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں ورلڈکپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

میچ کا ٹاس

ورلڈ کپ کے 10 ویں میچ میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز اور جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت ٹیمبا باووما کر رہے ہیں۔

قبل ازیں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ حریف کو جلد از جلد آؤٹ کریں اور ایونٹ میں پہلی کامیابی سمیٹیں۔

پیٹ کمنز نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیا کی گئی ہیں، ایلکس کیری کی جگہ جوش انگلس جبکہ کیمرون گرین کی جگہ مارکس اسٹوئنس کی پلئینگ الیون میں واپسی ہوئی ہے۔

اس موقع پر جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان ٹمبا باؤما نے کہا کہ ابتدا ہی سے کینگروز کے خلاف جارحانہ کھیل جاری رکھیں گے تاکہ آسٹریلیا کو پریشر میں لائیں۔

ٹیمبا باووما نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، کوئٹزی کی جگہ تبریز شمسی کو شامل کیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ

آسٹریلوی اسکواڈ میں کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، اسٹیو اسمتھ، مارنس لیبوشین، جوش انگلس، مارکس اسٹوئنس، گلین میکسویل، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا اور جوش ہیزل ووڈ میں شامل ہیں۔

جنوبی افریقا کا اسکواڈ

جنوبی افریقی اسکواڈ میں کپتان ٹمبا باؤما، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، کاگیسو ربادا، کیشو مہاراج، لونگی نگیڈی اور تبریز شمسی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 14 اکتوبر بروز ہفتے کو احمد آباد میں نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا

Cricket World Cup

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

South Africa vs Australlia

quinton de kock

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div