Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

الخدمت الفلاح اسکالر شپ پروگرام کے 25 سال مکمل ہونے پر کنونشن

ادارہ ذہین طلبہ و طالبات کو تعلیمی وظائف فراہم کر رہا ہے، نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن
شائع 12 اکتوبر 2023 10:30pm
الخدمت الفلاح اسکالر شپ پروگرام کے 25 سال مکمل ہونے پر کنونشن کا انعقاد کیا گیا
الخدمت الفلاح اسکالر شپ پروگرام کے 25 سال مکمل ہونے پر کنونشن کا انعقاد کیا گیا

الخدمت الفلاح اسکالر شپ پروگرام کے 25 سال مکمل ہونے پر کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبد الشکور کا کہنا ہے کہ ان کا ادارہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے بلا تفریق رنگ و نسل مستحق لیکن ذہین طلبہ و طالبات کو تعلیمی وظائف فراہم کر رہا ہے۔

ایوان قائد لاہور میں منعقدہ کنونشن میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم، الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر محمد عبدالشکور، ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، نیشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جبران بلوچ، الخدمت وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی، الفلاح اسکالرز اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے حضرات اور خواتین نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید وقاص جعفری نے کہا کہ تعلیم کا حصول ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ بد قسمتی سے پاکستان میں دو کروڑ 30 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں۔ خاص طور پر ہائیر ایجوکیشن میں طلباء کو وسائل نہ ہونے کے باعث تعلیم ادھوری چھوڑ نا پڑتی ہے۔ایسے میں الخدمت الفلاح اسکالر شپ جیسے پروگرام ہونہار طلبہ و طالبات کے لئے امید کی ایک کرن ہے۔

محمد عبد الشکور نے اپنے خطاب میں کہا کہ الفلاح اسکالر شپ الخدمت فاؤنڈیشن کے شعبہ تعلیم کا ہی ایک حصہ ہے۔ جس کے تحت گزشتہ 25 سال سے مالی دشواریوں کا شکار ہزاروں ذہین طلبہ و طالبات کو حصول تعلیم میں مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ذہین اور مالی مشکلات کے شکار طلبہ و طالبات کا میرٹ پر انتخاب کیا جاتا ہے اور پھر انہیں ہائر ایجوکیشن کے لئے وظائف فراہم کئے جاتے ہیں۔ اس وقت الخدمت الفلاح اسکالر شپ کے تحت وطن عزیز کے چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے 936 ہونہار اور مستحق طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے بلاتفریق رنگ و نسل، مذہب و ذات اور سیاسی وابستگی تعلیمی وظائف فراہم کیے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک جن اسکالرز نے الخدمت الفلاح سکالر شپ کی مدد سے اپنی تعلیم مکمل کی ان میں 710 ڈاکٹرز، 604 انجینئرز، 1150بی ایس آنرز/ماسٹرز ، 256 ایسوسی ایٹ انجینئرنگ، 528 گریجویشن اور 2021 انٹرمیڈیٹ کے طلبہ و طالبات شامل ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 5269 ذہین اور ہونہار طلبہ و طالبات کو تعلیم مکمل کرنے کے لیے 43 کروڑ 69 لاکھ روپے کے وظائف فراہم کئے گئے۔

اس موقع پر اکرام الحق سبحانی نے کہا کہ الخدمت الفلاح اسکالر شپ وظیفہ فراہم کرنے کے ساتھ پورا سال طالب علم کی کارکردگی کا جائزہ لیتی اور رہنمائی بھی فراہم کرتی ہے۔ الخدمت الفلاح اسکالرز کو مستقبل میں اپنے کیریئر کے انتخاب کے حوالے سے رہنمائی کے لئے مانیٹرنگ، کوچنگ اور کیر ئیر کونسلنگ سیمینار کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔

تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر احمد جبران بلوچ نے کہا کہ ہر سال کنونشن منعقد کیا جاتا ہے جس میں ملک بھر سے موجودہ اور سابقہ الفلاح اسکالرز، ان کے والدین اور مختلف شعبہ زندگی سے شخصیات کو مدعو کیا جاتا ہے۔ کنونشن کا مقصد جہاں ایک طرف ان طلبہ کو حوصلہ دینے اور ان کو نئی منزلوں کے خواب دکھانا ہوتا ہے وہیں مخیر حضرات کو پاکستان کے ہونہار مگر مالی مشکلات سے دوچار طلبا و طالبات کو اسپانسر کرنے کے لئے توجہ دلانا بھی مقصود ہوتا ہے۔اس کے علاوہ اپنے نصب العین کے مطابق الخدمت الفلاح سکالر شپ اپنے غیر مسلم پاکستانی بھائیوں کے ساتھ بھی مکمل تعاون کر رہی ہے۔

امیر العظیم نے کنونشن میں شریک طلبہ وطالبات کو اسکالرشپ لینے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ الفلاح اسکالرشپ سے مستفید اسکالرز پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مستقبل میں ان لوگوں کو سپورٹ کریں جو دادرسی کا انتظار کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ اِن بچوں کی ہی نہیں بلکہ اُن کے خاندان اور معاشرے کی بھی خدمت ہے جو پڑھ لکھ کر ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔

تقریب میں اسکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات نے الخدمت فاؤنڈیشن اور الفلاح اسکالر شپ اسکیم کا شکریہ ادا کیا جن کی بدولت ان کے لئے تعلیم جاری رکھنا ممکن ہوا اور خاص طور پر انہوں نے الخدمت کے رضاکار کے طور پر اپنے آپ کو پیش کرنے کا عزم کیا۔

تقریب میں پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا اور نئے اسکالر شپ ہولڈرز کو اسکالر شپ سرٹیفیکیٹ فراہم کئے گئے۔ اس کے علاوہ کنونشن میں شریک طلبہ و طالبات سے اعلی تعلیم کے حصول اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے حوالے سے حلف بھی لیا گیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض شعیب ہاشمی اور علی ارسلان نے ادا کیے۔

karachi

Higher Education Commission

تعلیم

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div