Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

وزن بڑھنے کا خوف رکھنے والوں کیلئے اسپیشل ’پانی کے پکوڑے‘

ایسے پکوڑے جنہیں کھانے سے وزن نہ بڑھنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، ریسیپی جانئے
شائع 19 اکتوبر 2023 07:30am

ویسے تو پکوڑے بارش یا رمضان کی ڈش سمجھے جاتے ہیں لیکن شوقینوں کیلئے کوئی سیزن نہیں ہوتا، کچھ لوگ بنا کسی خوف کے پکوڑے کھاتے ہیں تو کچھ ”ڈائٹ کانشئیس“ لوگ وزن بڑھ جانے کے خوف سے اس نعمت سے گریز کرتے ہیں۔

لیکن اگر ایسے لوگوں کا کبھی دل للچا جائے تو ان کیلئے بھی آسانی پیش کردی گئی ہے، اور وہ آسانی ہے ”پانی کے پکوڑے“۔

قارئین کو لگ رہا ہوگا کہ یہ کوئی طنزیہ آرٹیکل ہے جس میں ڈائٹ کرنے والوں کو مزاق کا نشانہ بنایا گیا ہے، لیکن ایسا بالکل نہیں ہے، یہ ایک ریسیپی آرٹیکل ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایسے پانی کے پکوڑے بنانے کی ترکیب بتائی گئی ہے، ایسے پکوڑے جنہیں کھانے سے وزن نہ بڑھنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ویسے تو ان پکوڑوں کو ”پانی کے پکوڑے“ نام دیا گیا ہے لیکن یہ بیسن سے ہی تیار ہوتے ہیں، بعد میں انہیں پانی میں ڈال کر نکال لیا جاتا ہے تاکہ سارا تیل الگ ہو جائے اور پھر پودینہ اور املی کا پانی ڈال کر سرو کیا جاتا ہے۔

شیف پنکج بھدوریا نے انسٹاگرام پر پانی کے پکوڑے بنانے کی ریسیپی شیئر کی ہے۔

پانی کے پکوڑے بنانے کی ترکیب

بیسن کے ساتھ بنائے گئے پکوڑوں کو ہری چٹنی، املی کا گودا اور امرود کے رس اور بہت سارے مسالوں کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: اس جوس کا ایک کپ روزانہ پیئں اور دس دن میں پیٹ کی چربی گھٹائیں

اجزاء

  • بیسن، 1 کپ
  • نمک، آدھا کھانے کے چمچ
  • ہینگ، 2 چٹکی
  • بیکنگ پاؤڈر، ایک چوتھائی کھانے کا چمچ
  • ہری مرچیں، 3 عدد
  • دھنیے کے پتے، 1 گچھا
  • پودینے کے پتے، چوتھائی کپ
  • لیموں کا رس
  • املی کا پیسٹ، 1 کھانے کا چمچ
  • امرود کا رس، 400 ملی لیٹر
  • پانی
  • کالا نمک، 1 کھانے کا چمچ
  • چاٹ مسالحہ، 1 کھانے کا چمچ
  • کُٹی ہوئی مرچ، 1 کھانے کا چمچ
  • زیرہ پاؤڈر، آدھا کھانے کا چمچ

سب سے پہلے ایک پیالے میں بیسن لیں، اس میں حسب ضرورت نمک، ہینگ اور پانی ملا دیں اور مکسچر بنا لیں اور بیکنگ پاؤڈر ملا کر پانچ منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔

پھر پکوڑے کو پانی میں ڈال کر تیل الگ کر کے دبا کر نکال لیں۔

اُس کے بعد ہرا دھنیا، ادرک، پودینے کے پتے اور لیموں کا رس ، کالا نمک، چاٹ مسالہ، چلی فلیکس، اور زیرہ پاؤڈر سے تیار کی گئی مزیدار ہری چٹنی بنائیں اوراس میں پکوڑے شامل کرلیں۔

گارنشنگ کے لیے، آپ کٹے ہوئے پیاز، دھنیے کے پتے اور لیموں کے ٹکڑے استعمال کر سکتے ہیں۔

اور آپ کے مزیدار اور آسان پانی کے پکوڑے تیار ہیں۔

recipe

Pakode

Pani ke Pakode