Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

’روحوں کی تصویر‘ کھینچنے والا پہلا شخص، جس نے صحافت کو بدل دیا

یہ شخص دھوکے باز تھا مؤجد؟ آج تک معمہ حل نہ ہوسکا
شائع 27 اکتوبر 2023 08:03pm
تصاویر بشکریہ گنیز ورلڈ ریکارڈ
تصاویر بشکریہ گنیز ورلڈ ریکارڈ

’اسپرٹ فوٹوگرافی‘ فوٹو گرافی کی ایک ایسی قسم ہے جس میں مردہ لوگوں کی روحوں کی تصویریں کھینچنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ روح کی تصاویر روحانی دنیا یا بعد کی زندگی کے وجود کا ثبوت ہیں۔

اسپرٹ فوٹوگرافی 19ویں صدی کے وسط میں فوٹو گرافی کی ایجاد کے فوراً بعد مقبول ہوئی تھی اور 20ویں صدی کے اوائل تک مقبول رہی، ”ولیم ایچ مملر“ مبینہ طور پر روح کی تصاویر لینے والے پہلے لوگوں میں سے ایک تھے۔

ولیم ایچ مملر زیورات کے نقاشی کرنے والے اور شوقیہ فوٹوگرافر تھے۔

پہلی ’اسپرٹ فوٹو“ (روح کی تصویر) جو ولیم ایچ مملر نے بنائی تھی، بظاہر اتفاقی طور پر اس وقت لی گئی جب انہوں نے ڈبل ایکسپوژر تصویر کھینچی۔

بعد میں پتہ چلا کہ انہوں نے 1862 میں اپنی ایک تصویر لی تھی جس میں اس کے مردہ کزن کی روح بھی ان کے پیچھے کھڑی دکھائی دی تھی۔

امریکی میگزین ”نیویارکر“ کے مطابق، تصویر کو انوکھا سمجھتے ہوئے انہوں نے شہر کی ترقی پذیر روحانی برادری کی طرف سے حیرت اور تعریف حاصل کی اور اسے سب کو دکھانا شروع کیا۔

جیسے جیسے بات پھیلتی گئی مملر کا شوق ایک منافع بخش کاروبار بن گیا اور جلد ہی وہ شام سے لے کر صبح تک روح کی تصویریں کھینچتے رہے۔

وہ اپنے روشندان کے نیچے کھوئی ہوئی محبتوں کو طلب کرتے رہے اور خانہ جنگی کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کی وجہ سے عوام کو سکون پہنچاتے رہے۔

وہ آدمی جس نے ابراہم لنکن کے بھوت کو ریکارڈ کیا

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اطلاع دی ہے کہ مملر کی کچھ مشہور تصاویر میں مریم ٹوڈ لنکن اپنے شوہر ابراہم لنکن کی روح کے ساتھ موجود ہیں۔

فلم Ghosts Caught on Film کے مطابق، یہ تصویر 1869 کے آس پاس لی گئی تھی۔

مملر کو معلوم نہیں تھا کہ تصویر میں موجود روح لنکن کی ہے اور جب تک تصویر تیار نہیں ہوگئی اس وقت تک انہیں احساس نہیں تھا کہ یہ کون ہے۔

تنازعات

گنیز ورلڈ ریکارڈ نے تاریخ کے ایک مضمون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسمتھسونین انسٹی ٹیوشن کے نیشنل میوزیم آف امریکن ہسٹری میں امریکی مذہبی تاریخ کے کیوریٹر پیٹر مانسیو کا کہنا ہے کہ مملر ایک دھوکہ باز تھا لیکن انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ نہیں جانتے فوٹوگرافر کس طرح دھوکہ دینے میں کامیاب ہوا۔

مانسیو نے مضمون میں کہا، ’یہ ایک حقیقی مذہبی تحریک تھی جس کا لوگوں کے لیے ایک ایسے وقت میں بہت مطلب تھا جب قوم سوگ اور نقصان سے گزر رہی تھی جیسا کہ پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔‘

تاریخ کے مضمون کے مطابق، مملر نے ایک ایسی عورت کے لیے روح کی تصویر بنائی جس نے حال ہی میں خانہ جنگی میں اپنے بھائی کو کھو دیا تھا۔ لیکن اس کا بھائی گھر واپس آگیا۔ تاہم مملر پر دھوکہ دہی کا الزام لگانے کے بجائے عورت نے اس کا الزام ایک بری روح پر لگایا جو اسے دھوکہ دینے کی کوشش کر رہی تھی۔

ایک اور معاملے میں، مملر کے اسٹوڈیو میں آنے والے ایک شخص نے تصویر میں ایک خاتون بھوت کو اپنی بیوی کے طور پر پہچانا، جو زندہ تھی اور حال ہی میں اس کی تصویر مملر نے لی تھی۔

1869 میں، پی ٹی برنم مملر کو عدالت لے گئے اور مملر پر دھوکہ دہی اور غمزدہ لوگوں کا شکار کرنے کا الزام لگایا۔

برنم نے عدالت کو بتایا کہ مملر نے لوگوں کے گھروں میں گھس کر مرنے والوں کی تصاویر چرائی تھیں۔

اگرچہ مملر کو قصوروار نہیں پایا گیا تھا، لیکن صرف الزامات ہی اس کے کیریئر کو داغدار کرنے کے لیے کافی تھے، جو بالآخر ختم ہوگیا۔

تصاویر کیسے کھینچی جاتی تھیں؟

چونکہ اس وقت فوٹوگرافی ایک نئی ایجاد تھی، اس لیے لوگوں کو آسانی سے دھوکہ دیا جاتا تھا کیونکہ ان کے پاس اسپرٹ فوٹوگرافی کا موازنہ کرنے کے لیے دوسری تصاویر نہیں تھیں۔

تاہم، یہ کہا جاتا ہے کہ کچھ فوٹوگرافروں کو مملر کے کام پر شک تھا کیونکہ وہ ڈبل ایکسپوژرز کا تجربہ کر رہے تھے۔

مملر کے بری ہونے کے بعد، وہ بوسٹن واپس آیا جہاں اس نے تصاویر بنانے کے بجائے ان کی تیاری پر توجہ دینا شروع کی۔

اس نے ایک ایسی تکنیک ایجاد کی جو ”ملر پروسیس“ کے نام سے مشہور ہوئی جس کی وجہ سے اخبارات میں پہلی تصاویر چھاپی جا سکتی تھیں۔

اس عمل نے آخرکار صحافت کی دنیا کو بدل دیا۔

William H Mumler

Spirit Photography