Aaj News

منگل, مئ 07, 2024  
28 Shawwal 1445  

ورلڈ کپ: نیدرلینڈز نے بنگلہ دیش کو 87 رنز سے بدترین شکست دے دی

230 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 43 ویں اوورز میں 142 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی
اپ ڈیٹ 28 اکتوبر 2023 09:22pm

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 28ویں میچ میں نیدرلینڈز کی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 87 رنز سے بدترین شکست دے کر میگا ایونٹ میں دوسری جیت اپنے نام کرلی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے دیے گئے 230 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم 43 ویں اوورز میں 142 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے اس میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ 50 اوور میں 229 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

نیدرلینڈز کی بیٹنگ

نیدرلینڈ کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، بنگلادیشی بولرز نے اپنا تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے نیدرلینڈز کے اوپنرز کو 4 کے مجموعے پر ہی پویلین لوٹا دیا، وکرم جیت سنگھ 3 جبکہ میکس او ڈاؤڈ صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

مڈل آرڈر نے بنگلادیشی بولرز کا جم کر مقابلہ کیا، تیسری وکٹ کی شراکت کے لیے ویزلی بیریسی اور کولن ایکرمین نے 59 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم بیریسی 41 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

کولن ایکرمین 15 اور باس ڈی لیڈز 17، سائبرینڈ اینجلبرچٹ 35 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

اس کے علاوہ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 68 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جبکہ لوگن وین بیک 23 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں نیدرلینڈ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 229 رنز پر بناکر آؤٹ ہوگئی اور بنگلہ دیش کے لیے 230 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

بنگلادیش کی جانب سے شورف الاسلام، تسکین احمد، مستفیض الرحمان اور مہدی حسن نے 2،2 جبکہ شکیب الحسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلہ دیش کی بیٹنگ

230 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی اننگز کا آغاز لٹن داس اور تنزید حسن نے کیا تاہم بنگلادیشی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر نہ رک سکا۔

اوپنر بلے باز لٹن داس 3 جبکہ تنزید حسن 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ مہدی حسن میراز 35 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

بنگلادیش کا کوئی بھی کھلاڑی ڈچ بولرز کے سامنے جم کر نہیں کھیل سکا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

محمود اللہ اور مستفیض الرحمان نے 20، 20 رنز کی اننگز کھیلی، دیگر کھلاڑیوں میں نجم الحسن 9، شکیب الحسن 5 اور مشفیق الرحیم 1 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مہدی حسن اور تسکین احمد نے بالترتیب 17 اور 11 رنز کی اننگز کھیلی۔

یوں بنگلہ دیش کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی اور 42.2 اوورز میں 142 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور نیدرلینڈ نے 87 رنز کے بڑے مارجن سے جیت اپنے نام کرلی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے پال وین میکرین نے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، باس ڈی لیڈ نے 2 جبکہ آریان دت، لوگان وین بیک اور کولن ایکرمین نے ایک ایک وکٹ لی۔

نیدرلینڈز کے پال وین میکرین کو شاندار بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ یہ ایونٹ میں نیدلینڈز کی دوسری کامیابی ہے، اس سے قبل اس نے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔

میچ کا ٹاس

قبل ازیں کولکتہ میں کھیلے جارہے میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس موقع پر نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے کہا کہ کوشش ہوگی میچ میں کامیابی سمیٹ کر ٹورنامنٹ میں دوبارہ کم بیک کریں۔

بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ مسلسل ہار سے ٹیم دباؤ کا شکار ہے، کوشش کریں گے نیدرلینڈز کیخلاف بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں۔

بنگلہ دیش اسکواڈ

بنگلہ دیشی ٹیم میں شکیب الحسن (کپتان)، تنویر حسن، لٹن داس، نجم الحسین شانتو، توہید ہردوئی، مشفق الرحیم، مہدی حسن معراج، محمود اللہ، حسن محمود، شرف الاسلام اور مستفیض الرحمان شامل ہیں۔

نیدرلینڈز اسکواڈ

نیدرلینڈز کی ٹیم میں وکرم جیت سنگھ، میکس او ڈاؤڈ، کولن ایکرمین، باس ڈی لیڈے، تیجا ندامانورو، اسکاٹ ایڈورڈز (کپتان)، سائبرینڈ اینجل بریکٹ، روئیلوف وین ڈیر مروے، لوگن وین بیک، آرین دت، پال وین میکرین شامل ہیں۔

دونوں ٹیموں نے کتنے میچز کھیلے؟

ورلڈ کپ میں بنگلا دیش اور نیدر لینڈز کی ٹیموں نے اب تک 5، 5 میچز کھیلے اور صرف ایک، ایک میچ ہی جیتا ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر بنگلہ دیش 8 ویں جبکہ نیدرلینڈز دسویں نمبر پر ہے۔

Bangladesh

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

Netherland

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div