Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
24 Shawwal 1445  

کمروں میں مرضی کے نتائج مرتب کرنے والوں کو جواب عوام دیں گے، بلاول بھٹو

پاکستان کے عوام اس بار کسی سازش کو قبول نہیں کریں گے، چیئرمین پیپلز پارٹی
شائع 13 نومبر 2023 07:23pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بند کمرے میں اپنی مرضی کے الیکشن نتائج مرتب کروانے والوں کو عوام آٹھ فروری کو جواب دیں گے، پاکستان کے عوام اس بار کسی سازش کو قبول نہیں کریں گے، 8 فروری کو مہنگائی لیگ کو ہرائیں گے۔

مٹھی کے ماروی اسٹیڈیم میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر بلاول بھٹو نے کہا کہ فخر کی بات ہے کہ تھر کے لوگوں کے ساتھ دیوالی منارہا ہوں، بینظیر بھٹو نے ہمیں برابری کی سیاست سکھائی ہے، ہم ایک ہیں اور ایک ہی رہیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ملکی تاریخ کا نوجوان وزیرخارجہ بنا، بیرون ملک جہاں بھی جاتا تھر کا ذکر کرتا، کچھ ایسی طاقتیں تھیں جو نفرت اور تقسیم کی سیاست کرتی تھیں، پیپلزپارٹی نے نفرت کی سیاست کو ہمشیہ رد کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ تھر کے عوام نے آج فیصلہ سنا دیا ہے، 8 فروری کو بھی آپ کو اسی جذبے کے ساتھ نکلنا ہے، لوگ پوچھتے ہیں پیپلزپارٹی کا منشورکیا ہے ، پیپلزپارٹی کا منشور قائد عوام نے دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت ہماری سیاست، مساوات ہماری معشیت اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، بینظیر شہید نے اسی نعرے پر سیاست کی، روٹی کپڑا اورمکان کے نعرے کی سیاست کی، جب تک مہنگائی ہے پیپلزپارٹی کا نعرہ رہے گا اور یہ پیپلزپارٹی کا بیانہ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سے پہلے اس ریگستان میں کچھ نہیں تھا، ہم نے تھر میں ہوائی اڈا، تعلیم اور صحت کے مراکز بنائے، 90 کی دھائی میں بینظیر نے تھرکول کا خواب دیکھا، آصف زرداری اور پیپلزپارٹی نے اس خواب کو پورا کیا، بینظیر بھٹو کے خواب پر ہم نے کام شروع کیا۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ تھرکول سے یہاں کے عوام کو روزگارکے مواقع ملے، ابھی انتخابی مہم شروع نہیں ہوئی، تھرکے عوام نے فیصلہ دے دیا، ہم نے طے کیا ہے پیپلزپارٹی کا کوئی سیاسی مخالف نہیں، میں شہید بینظیر بھٹو کا بیٹا ہوں اور میری مخالف غربت، بیروزگاری اورمہنگائی ہے، میں اور آپ مل کر اس مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا مقابلہ کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ تھرپارکر کی کارکردگی پر اپنا اگلا الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہوں، پیپلزپارٹی کا کوئی قابل ذکر سیاسی مخالف نہیں، ہم اپنے بھائیوں اور بہنوں کو بھی زوزگار دیں گے، روزگارنوجوانوں کا حق ہے جو صرف پیپلزپارٹی دلواسکتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ غربت کا مقابلہ کرنے کے لیے ہم 3 نسلوں سے جدوجہد کررہے ہیں، بینظیر بھٹو نے کہا تھا مردوں کے ساتھ عورتیں بھی کام کرکے کماسکتی ہیں، روز گار میرا صرف نعرہ نہیں، ہم نے روزگار دے کر دکھایا بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے منشور اور نظریے مں ان مسائل کا حل ہے، جب غریب عوام کی جیب میں پیسہ جاتا ہے تو پورے ملک کو فائدہ ہوتا ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے آج تک لوگوں کو ریلیف مل رہا ہے، آپ لوگوں کی حکومت ملک بھر میں ہوگی، 5 سال میں ہم تنخواہ کو ڈبل کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ماضی میں بھی ہم انقلابی پروگرام لے کر آئے جس کا فائدہ عام آدمی کو ہوا، معاشی بحران سے مقابلے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، ہم معاشی بحران کو ختم کریں گے اور عوام کو ریلیف پہنچائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن آرہے ہیں اور پیپلزپارٹی اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑرہی ہے، میں دائیں بائیں نہیں عوام کی طرف دیکھتا ہوں، میں آپ کی ہی طاقت لیتا ہوں اسی سے سیاست کرتا ہوں، میں پاکستان کےعوام پر اپنا مستقبل چھوڑ رہا ہوں، آپ پیپلزپارٹی کو چنیں گے تو ہم آپ کی خدمت کرنے کو تیار ہیں، مجھے نظر آرہا ہے فروری میں کافی جماعتوں کے لیے عوام سرپرائز دیں گے۔

بلاول بھٹو کا یہ بھی کہنا تھا کہ کمروں میں بیٹھ کر منصوبے بنانے والوں کو جواب عوام دیں گے، کمروں میں بیٹھ کر الیکشن کے نتائج ڈکلیئر کرارہے ہیں، ان کو جواب عوام دیں گے، پاکستان کے عوام اس بار کسی سازش کو قبول نہیں کریں گے، 8 فروری کو مہنگائی لیگ کو ہرائیں گے۔

PPP

sindh

Bilawal Bhutto Zardari

Mithi

Pakistan People's Party (PPP)

Election 2024

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div