Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
19 Shawwal 1445  

سابق اسپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے

گوہر ایوب کی نماز جنازہ کل ہری پور میں ادا کی جائے گی
شائع 17 نومبر 2023 11:15pm

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کے والد اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔

گوہر ایوب کچھ عرصے سے علیل اور اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں آج انہوں نے آخری سانسیں لیں اور زندگی کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہا۔

گوہر ایوب سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب کے والد اور سابق فیلڈ مارشل صدر ایوب خان کے صاحبزادے تھے۔

گوہر ایوب کی نمازِ جنازہ کل دوپہر ہری پور میں ان کے آبائی گاؤں ریحانہ میں ادا کی جائے گی۔

گوہر ایوب کی کی زندگی پر ایک نظر

گوہر ایوب خان سابق وزیر خزانہ عمر ایوب خان کے والد اور سابق مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر ایوب خان کے بیٹے تھے۔

گوہر ایوب خان فیلڈ مارشل ایوب خان کے ہاں 8 جنوری 1937ء میں آبائی علاقے ریحانہ میں پیدا ہوئے تھے، وہ 1990ء سے 1993ء تک مسلم لیگ ن کی حکومت میں اسپیکر قومی اسمبلی رہے۔

گوہر ایوب خان نے 1959ء میں گریجویشن کے بعد پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا، انہوں نے 1962ء میں کیپٹن کے عہدے پر پاک فوج سے استعفیٰ دیا اور 1974ء میں سیاست میں قدم رکھا، مسلم لیگ ن کی دوسری حکومت 1997ء میں انہیں وزیر خارجہ بنایا گیا تاہم بعد ازاں انہیں پانی اور توانائی کی وزارت دیدی گئی تھی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوہر ایوب خان کے انتقال پر اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے مرحوم گوہر ایوب کی سیاسی میدان میں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت اور اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

نگراں وزیرِ اعظم کا گوہر ایوب کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار

دوسری جانب نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

نگراں وزیرِ اعظم نے مرحوم کے لیے بلندی درجات اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ گوہر ایواب کو پاکستان کی سیاست میں ایک منفرد مقام حاصل تھا، دکھ کی اس گھڑی میں ہماری تمام تر ہمدردیاں گوہر ایوب کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔

صدر مملکت کا گوہر ایوب کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ میرے دوست عمر ایوب خان کے والد گوہر ایوب خان کی وفات کا سن کر بہت افسوس ہوا، اللہ مرحوم کی مغفرت کرے، جنت الفردوس میں جگہ دے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔

گوہر ایوب کی وفات پر پی ٹی آئی کا ہمدردی کا اظہار

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت اور کارکنان کی جانب سے مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ملک و قوم کے لیے گوہر ایوب صاحب کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ساتھ ہی انہوں نے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ رب العزّت سے گوہر ایوب صاحب کی مغفرت، بلند درجات اور عمر ایوب خان سمیت تمام اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

چیئرمین سینیٹ کا گوہر ایوب کے انتقال پر گہرے دُکھ کا اظہار

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بھی سابق وزیر خارجہ و اسپیکر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب کے والد گوہر ایوب خان کے انتقال پر گہرے دُکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ گوہر ایوب ایک زیرک سیاستدان تھے اور اُن کی سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

صادق سنجرانی نے عمر ایوب اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے لیے اللہ تعالیٰ کے حضور دعائے مغفرت کی۔

pti

Omar ayub

اسلام آباد

AYUB KHAN

gohar ayub

UMAR AYUB KHAN

GOHAR AYUB KHAN

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div