Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

امریکی سفیر کا پاکستانی عوام کی سکیورٹی کیلئے چار نئے اور اہم اقدامات کا اعلان

صوبے میں سیاحت کے فروغ، قدیم تہذیب کومحفوظ بنانے کیلئے معاونت کریںگے، ڈونلڈ بلوم
اپ ڈیٹ 20 نومبر 2023 08:04pm

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی طرف سے پاکستان میں دہشتگری سے نمٹنے اور سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کیلئے اہم اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے دورہ کوئٹہ کے دوران پاکستانی عوام کی سکیورٹی کیلئے چار نئے اور اہم اقدامات کا اعلان کیا۔ ان اقدامات کا مقصد پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد میں اضافہ اورعوام کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال یقینی بنانا ہے۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ بلوچستان پولیس کی انسداد دہشتگردی فورس کی تربیت کے لیے چالیس لاکھ ڈالرز کے امدادی پیکج کے تحت تربیتی سہولت میں توسیع کی جائیگی۔

انہوں نے بتایا کہ فورس کی موجودہ صلاحیت میں اضافے سمیت زیرتربیت اضافی 800 افراد کی بیک وقت تربیت و تعلیم کے لئے مالی تعاون فراہم کیا جائے گا۔

ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکی حکومت کی جانب سے دورانِ سیلاب تباہ شدہ 10 تھانوں کی مرمت و اپگریڈیشن کیلئے 20 لاکھ ڈالرز کی رقم مختص کی گئی ہے، پولیس اسٹیشنز کو فراہم کردہ سہولیات میں جدید طرز کا بنیادی ڈھانچہ، ڈجیٹل ریکارڈ مینجمنٹ اور تنازعات کے حل کیلئے متبادل نظام میں تعاون شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سہولیات میں صنفی مسائل حل کرنے کیلئے ڈیسک کا قیام بھی شامل ہوگا، کمزور اور متاثرہ آبادیوں کو نجی اور مناسب ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ جرائم سے متعلق باآسانی اطلاع دے سکیں۔

ڈونلڈ بلوم کے مطابق نئے پولیس اسٹیشنز کی تعمیر میں معاونت سے خواتین اور لڑکیوں کیلئے خدمات کو بہتر بنانے کیلئے 10 نئے پولیس اسٹیشنز کی تعمیر کے لیے اضافی بیس لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔

امریکی سفیر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے آلات کی مد میں ڈھائی لاکھ ڈالرز کی گرانٹ کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹس بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ (INL) کے تعاون سے مذکورہ تمام منصوبہ جات کیلئے فنڈز کا اجراء اور ان پر عملدرآمد کیا جائے گا، آئی این ایل کی جانب سے اس وقت پاکستان بھر میں تقریباً دو کروڑ ڈالرز کی مالی اعانت جاری ہے۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے آئی جی بلوچستان اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم کے نمائندگان کے ہمراہ بلوچستان میں خواتین اور بچیوں کیلئے پہلے سہولت مرکز کا افتتاح بھی کیا۔ یہ مرکز یو این او ڈی سی کے تعاون سے تعمیر کیا گیا۔

دورہ کوئٹہ کے دوران، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی سے بھی ملاقات کی، ملاقات کے دوران امریکی امدادی پروگراموں سمیت متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی سفیر بلوم نے بلوچستان سمیت پاکستان کے تمام حصوں کی اقتصادی ترقی کے لیے مضبوط امریکی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان چار دہائیوں سے زائد عرصہ سے عوام الناس کی سکیورٹی، امن و امان اور قانون کی حکمرانی کیلئے تعاون جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ باہمی اشتراک سے انصاف کے اداروں میں بہتری آئی ہے، جبکہ پاکستانی سرحد کو محفوظ بنانے، منشیات اسمگلنگ کی روک تھام اور دہشتگری کا مقابلہ کرنے کیلئے قانوں نافذ کرنیوالے اداروں کو درکار وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کی مشترکہ کاوشوں نے پاکستانی عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیساتھ پاکستان کو مضبوط و مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

نگراں وزیراعلی بلوچستان سے امریکی سفیر اور قونصل جنرل کی ملاقات

نگراں وزیراعلی بلوچستان میرعلی مردان خان ڈومکی سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ آرمن بلوم اور قونصل جنرل کانرڈ ٹریبل کی ملاقات ہے۔

میرعلی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان روایتوں کا امین صوبہ ہے، پاکستان عالمی امن کے لئے امریکا کی کاوشوں کو سراہتا ہے اور دونوں ممالک کے مابین دیرپا سفارتی اور دفاعی تعلقات استوار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امریکی حکومت اور عوام نے تعلیم خصوصا گرلز ایجوکیشن کے لئے نمایاں تعاون کیا ہے، دہشتگردی، جرائم کی روک تھام اور تفتیش کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے امریکی معاونت کو سراہتے ہیں۔

نگراں وزیراعلی نے کہا کہ بلوچستان پولیس کو گاڑیاں، جدید آلات اور ساز و سامان فراہم کیا گیا ہے، پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارتوں میں اضافے کا یہ منصوبہ امن کی بحالی اورعوام کے تحفظ کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے کاروباری مواقعوں کی فراہمی کے امریکی منصوبے کو سراہتے ہیں۔

مزید کہا کہ بلوچستان میں امن، تعلیم، خواتین کی معاشی ترقی اور مواصلات سمیت دیگر شعبوں میں جاری امریکی معاونت کے منصوبے اہمیت کے حامل ہیں۔

بلوچستان سرمایہ کاری کے لیے موزوں خطہ ہے، امریکی سرمایہ کاری سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا، دونوں ممالک کے مابین تجارت کے حجم کو بڑھانا چاہیے۔

امریکی سفیر ڈونلڈ آرمن بلوم کا کہنا ہے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں امن و فراہمی انصاف کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور عالمی اداروں نے سندھ اور بلوچستان میں گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کی کھل کر مدد کی ہے۔

پاکستان میں تعینات امریکی سفیر نے کہا کہ بلوچستان میں سیاحت کے فروغ اور قدیم تہذیب کو محفوظ بنانے کے لیے معاونت کریں گے۔

بلوچستان

quetta

US Ambassador Donald Bloom

mir ali mardan khan domki

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div