Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

پیسے کی خاطر ڈرامہ ’بُلبلے‘ صرف ڈیڑھ لاکھ روپے میں فروخت کیا، نبیل

اس مزاحیہ ڈرامے کو 2009 میں نشر کیا گیا تھا
شائع 24 نومبر 2023 09:39pm

معروف اداکار، پروڈیوسر و ہدایت کار نبیل ظفر نے مشہور کامیڈی ڈرامہ ’بُلبلے‘بنانے کی وجہ بتادی ۔

حال ہی میں نبیل ظفرنے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دراصل 2009 تک ان کی مالی حالت کمزور ہو چکی تھی اور ان کے بچے بھی ہوچکے تھے، جن کی تعلیم اور دیگر اخراجات کے لیے وہ پریشان تھے۔

انہوں نے بتایا کہ بچوں کے اخراجات کے لیے پیسے بنانے کے چکر میں انہوں نے پہلے اپنا پروڈکشن ہاؤس بنایا اور پھر اُدھار پر ’بُلبلے‘ بنایا۔

نبیل ظفر کے مطابق انہوں نے ہدایت کار اور ڈراما لکھاری کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ ابھی ان کے پاس پیسے نہیں ہیں، وہ جیسے ہی ڈرامے کو فروخت کریں گے اور انہیں پیسے ملیں گے تو وہ انہیں پیسے دے دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ خرچہ بچانے کے لیے انہوں نے خود بھی ’بُلبلے‘ میں کردار ادا کیا اور انہوں نے اس وقت ڈرامے کو چینل کو ڈیڑھ لاکھ روپے میں فروخت کیا تھا۔

اس مزاحیہ ڈرامے کو 2009 میں نشر کیا گیا تھا اور یہ ڈراما اتنا مقبول ہوا کہ یہ کئی سال تک مسلسل چلتا رہا اور پھر اس کے مزید سیزن بھی بنائے گئے۔

مذکورہ ڈرامے کی کہانی علی عمران جب کہ ہدایات رانا رضوان نے دی تھیں اور اس میں نبیل ظفر کے علاوہ عائشہ عمر، حنا دلپذیر اور محمود اسلم نے مرکزی کردار ادا کیے۔

Nabeel Zafar