Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
23 Shawwal 1445  

گلگت بلتستان اسمبلی: چلاس واقعہ کیخلاف قرارداد مذمت متفقہ طور پر منظور

قرارداد میں چلاس واقعہ کی مذمت، ملزمان کو گرفتار کرکے سزا دینے کا مطالبہ
شائع 05 دسمبر 2023 06:58pm

گلگت بلتستان اسمبلی نے چلاس واقعہ کے خلاف قرارداد مذمت متفقہ طور پر منظور کرلی۔ بس پر فائرنگ کے بعد آتشزدگی سے 9 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوگئے تھے۔

گلگت بلتستان اسمبلی کے اجلاس میں چلاس میں مسافر بس پر فائرنگ کے واقعہ کے خلاف قرارداد فتح اللہ خان نے پیش کی۔

قرارداد میں چلاس واقعہ کی مذمت کی گئی اور ملزمان کو گرفتار کرکے سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

گلگت بلتستان اسمبلی کے اراکین نے متفقہ طور پر قرارداد کی حمایت کرتے ھوئے اسے منظور کیا۔

فتح اللہ خان نے قرار داد پیش کرنے کے بعد کہا کہ چلاس واقعہ انتہائی افسوس ناک اور دکھ کا باعث ہے جس پر ہر فرد رنجیدہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، حکومت اور انتظامیہ نے زخمیوں کے علاج معالجے اور میتوں کو آبائی گاؤں تک منتقل کرنے کے لیے جو اقدامات کئے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔

یاد رہے کہ تین روز قبل چلاس میں مسافر بس پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی تھی جس کے باعث بس میں آگ بھی بھڑک اٹھی تھی، حادثے میں 9 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق دیامر کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر چلاس شہر کے تھانہ کے۔کے ایچ کی حدود شاہراہ قراقرم ہوڈر کے مقام پر ضلع غذر سے راولپنڈی جانے والی نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کے۔ٹو کی بس نمبر ”BLN 4647“ پر نامعلوم افراد کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی تھی۔ جس کے نتیجے میں بس سامنے سے آنے والے سیمنٹ کی بوریوں سے لدے ٹرک سے ٹکرا گئی تھی۔

گلگت بلتستان

security forces operation

Pakistan Law and order situation

Chilas Firing

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div