Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
23 Shawwal 1445  

شوہر اور بچوں کو بچاتے ہوئے 6 گولیاں کھانے والی روشن بی بی کراچی منتقل

آغا خان اسپتال میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیمیں ان کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کریں گی
اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2023 03:21pm

گلگت بلتستان کی بہادر ماں روشن بی بی جس نے چلاس میں بس پر حملے کے دوران اپنی جان پر کھیل کر اپنے 2 بچوں اور شوہر کو بچالیا تاہم اس دوران خود متعدد گولیوں کا نشانہ بنیں، زخمی خاتون روشن بی بی کو اسلام آباد سے کراچی منتقل کردیا گیا۔

2 دسمبر کو چلاس میں مسافر بس پر مسلح افراد کی فائرنگ سے بس میں آگ بھی بھڑک اٹھی جس کے باعث 9 افراد جاں بحق اور27 زخمی ہوگئے تھے۔

روشن بی بی اُس بس میں سوار گلگت سے کراچی جارہی تھیں جس پر چلاس ہڈور کے مقام پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، اس موقع پر حاضر دماغی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے روشن بی بی نے فائرنگ کے دوران اپنے 2 سالہ بچے اور 5 سالہ بچی کو بس کی سیٹ کے نیچے چھپا کر شوہر کو ان کے اوپر لٹایا اور خود ان کے اوپر منہ کے بل لیٹ گئیں۔

یوں ان کے بچے اور شوہر تو محفوظ رہے مگر دہشت گردوں کی گولیاں روشن بی بی کی کمر میں پیوست ہوتی گئیں، 6 میں سے 4 گولیاں روشن بی بی کی ریڑھ کی ہڈی میں لگیں اور 2 جگر اور پیٹ میں لگیں۔

روشن بی بی خود تو شدید زخمی ہوگئیں لیکن انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ان کے چھوٹے بچے محفوظ رہیں۔

مزید پڑھیں

چلاس بس حملہ: 17 مشتبہ افراد گرفتار، مقدمہ درج

چلاس: بس پر فائرنگ ہونیوالے واقعے کے عینی شاہدین کا بیان سامنے آگیا

گلگت بلتستان اسمبلی: چلاس واقعہ کیخلاف قرارداد مذمت متفقہ طور پر منظور

تاہم اب زخمی خاتون روشن بی بی کو اسلام آباد سے کراچی منتقل کردیا گیا جہاں آغا خان اسپتال کراچی میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیمیں ان کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کریں گی۔

روشن بی بی 6 روز قبل مسافر بس پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے دوران اپنے بچوں کو بچانے کی کوشش میں 6 گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئی تھیں۔

گلگت بلتستان

Chilas

Chilas Firing

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div