Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

کراچی: حساس ادارے اور پلاٹ خریدنے کا بہانہ، دو افراد اغوا

نوجوان مجتبیٰ علی کےاغوا کا مقدمہ سائٹ سپرہائی وے تھانے میں درج
اپ ڈیٹ 13 دسمبر 2023 04:58pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

ویب سائٹ پر پلاٹ فروخت کرنے کا اشتہار دینے والا نوجوان مجتبیٰ علی گاڑی سمیت لاپتہ ہوگیا، جس کے اغواکا مقدمہ سائٹ سپرہائی وے تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے احسن آباد سے 19سالہ نوجوان کو مبینہ طور پر گاڑی سمیت اغوا کرلیا گیا ہے، نوجوان مجتبیٰ علی کے اغوا کا مقدمہ سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مقدمہ مغوی نوجوان کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس کے مطابق نوجوان مجتبیٰ نے ویب سائٹ پر پلاٹ فروخت کرنے کا اشتہار دیا تھا، اور مبینہ اغوا کار کامران پاشا نے پلاٹ خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔

بیان کے مطابق مبینہ اغوا کا نے مغوی نوجوان کے اہلخانہ سے رابطہ کیا تھا، اور گزشتہ رات نوجوان مجتبیٰ اپنی والدہ، دوست اسامہ اور مبینہ اغوا کار پلاٹ دیکھنے کے لئے نکلے، یہ اپنی گاڑی میں معمار روڈ احسن آباد پہنچے، تو کامران پاشا نے اسلحے کے زور پر نوجوان مجتبی کو اغوا کرلیا، جب کہ مبینہ اغوا کاروں نے والدہ اور دوست کو جمالی پل پر اتار دیا۔

دوسری جانب گڈاپ سے بھی پولٹری فارم سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیت حارث کو اغوا کرلیا گیا۔ اغواکاروں نے اپنا تعارف سی ٹی ڈی سے بتایا۔

بقائی کیڈٹ کالج کے قریب کچے راستے سے اغوا کیے گئے تاجر کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مغوی کے بھائی نے ایف آئی آر میں بتایا کہ میرا بھائی حارث اپنا پولٹری فارم کا کاروبار کرتے ہیں، بھائی ملیر کینٹ سے اپنے پولٹری فارم پر جارہے تھے کہ 4 مسلح افراد نے بھائی کو ڈرائیور سمیت اغوا کیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے ڈرائیور اصغر خان کو تھوڑی دور جاکر گاڑی سے اتار دیا، جبکہ بڑے بھائی کو نامعلوم مقام پر اغوا کرکے لے گئے۔ اس کے بعد ڈرائیور اصغرخان نے دکان پر آکر اطلاع دی تو پتہ چلا۔

مدعہ مقدمہ کے مطابق اغوا کاروں میں سے ایک کے پاس کلاشنکوف اور تین کے پاس دیگر ہتھیار تھے، انہوں نے بھائی کو بتایا کہ ہم سی ٹی ڈی والے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا کے دونوں مقدمات درج کرلئے گئے ہیں جبکہ مغویوں کی تلاش شروع کردی ہے۔

Kidnapping for Ransom

Street Crimes

Karachi Street Crimes

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div