Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

فواد چوہدری 20 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد مزید 3 روز کیلئے نیب کے حوالے

وکیل کا ڈیوٹی جج کی جانب سے سماعت کرنے پر اعتراض
شائع 09 جنوری 2024 02:37pm

احتساب عدالت نے استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فواد چوہدری کو چوتھی مرتبہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند نے فواد چوہدری کےخلاف جہلم میں تعمیراتی منصوبوں میں خردبرد کے کیس کی سماعت کی۔

اس سلسلے میں نیب پراسیکیوٹر اور وکیل صفائی نے دلائل دیے جب کہ پولیس نے جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر ملزم کو عدالت میں پیش کیا۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ فواد چوہدری کا اب تک کتنے دن کا جسمانی ریمانڈ ہوچکا ہے؟

جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ اب تک 20 روزکا جسمانی ریمانڈ ہوچکا ہے۔

اس دوران فواد چوہدری کے وکیل نے ڈیوٹی جج کی جانب سے سماعت کرنے پراعتراض اٹھایا اور کہا کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ڈیوٹی پر ہیں اور اڈیالہ جیل میں موجود ہیں، استدعا ہے جج محمد بشیرکے آنے تک سماعت میں وقفہ کیا جائے۔

اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ابھی اپنے آفس میں نہیں، ان کی کرسی اس وقت خالی ہے اور اڈیالہ جیل میں موجود ہیں۔

اس دوران نیب پراسیکیوٹر نے فواد چوہدری کے مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس کی وکیل صفائی نے مخالفت کی۔

تاہم عدالت نے سابق وزیر کا مزید تین روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں نیب کی تحویل میں دے دیا۔

NAB

Fawad Chaudhary

NAB Court

ISTEHKAM E PAKISTAN PARTY (IPP)

Remand Extension

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div