Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

اسلام آباد ہائیکورٹ: سزا یافتہ مجرمان کی نااہلی مدت 10سال کرنے کی نیب اپیل پر اٹارنی جنرل کو نوٹس

عدالت نے اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے طلب کرلیا
شائع 18 جنوری 2024 08:03pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے سزا یافتہ مجرمان کی نااہلی مدت 5 سال سے بڑھا کر 10سال کرنے کی نیب اپیل پر اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل 2 رکنی ڈویژن بینچ نے نیب کیس میں سزایافتہ مجرمان کی نااہلی مدت 10سال سے کم کر کے 5 سال کرنے کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف نیب کی دائر کردہ انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی۔

جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے اور نیب آرڈی نینس کی سیکشن 15 اے کو ہم کیسے چھیڑ سکتے ہیں ؟۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ اس کیس میں عدالتی معاونین بھی مقرر کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر عدالت نے اٹارنی جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ عدالت کی جانب سے اٹارنی جنرل سے جواب مانگا گیا تھا، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کہاں ہیں اٹارنی جنرل؟

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وہ ابھی پہنچے نہیں ہیں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نہیں پہنچ سکے، جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ آج آخری دن ہے، وقت دینا مقصد ہوتا ہے، انتظار کرنا مقصد نہیں ہوتا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ اٹارنی جنرل و ایڈیشنل اٹارنی جنرل آئیں گے تو ٹھیک، ورنہ ہم فیصلہ دے دیں گے۔

نیب پراسیکیوٹر نے فائق علی جمالی کی سزا سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا اور بتایا کہ نیب آرڈینینس میں سزا یافتہ شخص کی نااہلی کی مدت 10 سال لکھی گئی اور یہ خصوصی قانون ہے۔

پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے نااہلی مدت 10 سال سے کم کر کے 5 سال کر دی ہے، اس فیصلے کاالعدم قرار دیا جائے۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کے دلائل کے بعد اٹارنی جنرل کو عدالت کی معاونت کے لیے نوٹس جاری کیا اور سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی اور کہا کہ حتمی تاریخ بعد میں مقرر ہوگی۔

خیال رہے کہ 4 جنوری کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) سے سزا یافتہ کے لیے نااہلی کی مدت 5 سال کے بجائے 10 سال کردی تھی۔

نیب کیسز میں سزا یافتہ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈر فائق جمالی کی اہلیت کے خلاف نیب کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

NAB

disqualification

Islamabad High Court

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

NAB Convicted Offender

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div