Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

عثمان خواجہ ٹیسٹ اور پیٹ کمنز سال 2023 کے بہترین کرکٹر قرار

آئی سی سی نے سال 2023 کے سالانہ ایوارڈز کا اعلان کردیا
شائع 25 جنوری 2024 11:59pm

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سال 2023 کے سالانہ ایوارڈز کا اعلان کردیا۔

آسٹریلیا کو عالمی چیمپیئن بنوانے والے کپتان پیٹ کمنز کو مینز کرکٹر آف دی ایئر قرار دیتے ہوئے سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی کا حقدار قرار دیا گیا جبکہ ان کے ساتھی آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ لے اڑے۔

عثمان خواجہ کو اس ایوارڈ کے لیے اپنی ہی ٹیم کے ساتھی ٹریوس ہیڈ، بھارتی اسپنر روی چندرن اشون اور انگلینڈ کے جو روٹ سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ واحد بلے باز ہیں جنہوں نے سال 2023 کے دوران 13 ٹیسٹ میچز میں 1210 رنز کے ساتھ چار ہندسوں کا سنگ میل عبور کیا۔

انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف ناقابل شکست 195 اور بھارت کے خلاف 180 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

گزشتہ سال ورلڈکپ میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پانے والے بھارتی بلے باز ویرات کوہلی آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئرکا ایوارڈ لے اڑے۔ کوہلی نے یہ ایوارڈ ریکارڈ چوتھی بار جیتا ہے۔

اس سے قبل جنوبی افریقا کے سابق کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے 3 بار ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔

ویرات کوہلی نے 2012، 2017 اور 2018 میں بھی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا تھا۔

کوہلی نے سال 2023 میں 27 ون ڈے میچز میں 1377 رنز اسکور کیے اور 12 کیچز بھی پکڑے اور ایک وکٹ بھی لی۔ان کی 24 اننگز میں6سنچریاں اور 8 نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔

اس کے علاوہ کوہلی نے 2023 میں سچن ٹنڈولکر کا ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ توڑا، وہ ون ڈے کرکٹ میں 50 سنچریاں بنانے والے پہلے کرکٹر بنے۔

آئی سی سی مینز ٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی بھارت کے سوریا کمار یادیو کے حصے میں آیا۔

خواتین کی کیٹیگری میں انگلینڈ کی آل راؤنڈر نیٹ سکیور برنٹ نے لگاتار دوسرے سال آئی سی سی ویمنز کرکٹر آف دی ایئر کا ریچل ہیہو فلنٹ ایوارڈ جیت لیا۔

آئی سی سی ویمنز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کے لیے سری لنکا کی اسٹار چماری اتھاپاتھو کو نامزد کیا گیا۔ ویسٹ انڈیز کی ہیلی میتھیوز کو آئی سی سی ویمنز ٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ کے رچن رویندرا کو آئی سی سی مینز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا ۔

خواتین کی کیٹیگری میں آسٹریلیا کی فوبی لیچ فیلڈ کو سال 2023 کی ابھرتی ہوئی کرکٹر قرار دیا گیا۔

ICC

virat kohli

dubai

Usman Khawaja

Pat Cummins

INTERNATIONAL CRICKET COUNCIL (ICC)

USMAN KHWAJA

icc award

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div