Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

ایران میں قتل 9 پاکستانی مزدوروں کی میتیں ملتان پہنچا دی گئیں

5 مزدوروں کا تعلق علی پور، 2 کا لودھراں جبکہ 2 شہداء کا تعلق بہاولپور سے ہے
شائع 01 فروری 2024 09:32pm

ایران میں علیحدگی پسندوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے 9 پاکستانی مزدوروں کی میتیں آج ملتان پہنچادی گئیں۔

شہداء میں سے 5 مزدوروں کا تعلق تحصیل علی پور، 2 کا لودھراں جبکہ 2 شہداء کا تعلق بہاولپور سے ہے۔

شہداء کے جسد خاکی خصوصی تیارے کے ذریعے ملتان انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر پہنچے تھے۔

شہداء کے جسد خاکی کو لواحقین کی شناخت پر آبائی علاقوں میں منتقل کیا جائے گا جبکہ بہاولپور سے تعلق رکھنے والے شہزاد اور شہریار کے جسد خاکے شناخت کے بعد آبائی علاقے بہاولپور روانہ کر دیے گئے ہیں۔

اس سے قبل پاک ایران سرحد کے راہداری گیٹ پر ایرانی بارڈر سیکیورٹی گارڈز نے میتیں پاکستانی حکام کے حوالے کیں۔

مارے گئے افراد میں ملک اظہر ولد نذیر حسین سکنہ علی پور،محمد شعیب ولد نذیر احمد سکنہ مظفر گڑھ، نذیر احمد ولد غلام محمد جان سکنہ مظفر گڑھ، محمد اکمل سکنکہ علی پور مظفر گڑھ، محمد ابوبکر ولد غلام یاسین سکنہ لودھراں، شہریار ولد غلام حسین سکنہ ملتان، شبیر احمد ولد محمد نواز سکنہ لیہ، محمد ندیم ولد گلزار سکنہ بہاولپور اور محمد شہزاد ولد عبدالمالک سکنہ بہاولپور شامل ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر تفتان وقار کاکڑ نے پاکستانی باشندوں کی میتیں وصول کیں۔

اس موقعے پر زاہدان میں متعین پاکستانی قونصل جنرل صدیق بلوچ بھی موجود تھے۔ چاغی کے ڈپٹی کمشنر طفیل بلوچ نے بتایا کہ میتیں سیندک کے جوزک ایئر پورٹ سے خصوصی طیارے کے ذریعے پنجاب روانہ کر دی گئیں۔

یاد رہے کہ ان پاکستانی باشندوں کو 26 اور27 جنوری کی درمیانی شب پاکستان کے ضلع پنجگور سے ملحقہ ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے شہر سراوان میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔

یہ پاکستانی باشندے گزشتہ کئی سالوں سے ایران میں کار ورکشاپ میں کام کر رہے تھے۔ انہیں رات گئے اس وقت قتل کیا گیا جب وہ ایک کمرے میں سو رہے تھے۔

پاکستانی عسکری ذرائع نے حملے میں بلوچستان میں سرگرم علیحدگی پسند تنظیموں کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا تاہم کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی۔

یہ پاکستان ایسے وقت میں قتل ہوئے جب رواں ماہ ایران کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پنجگور کے علاقے سبزکوہ میں میزائل حملے کئے گئے جس میں دو بچے ہلاک اور چار افراد زخمی ہوئے۔ اس کے بعد پاکستان نے ایران کے سرحدی شہر سراوان میں جوابی کارروائی کی اور اس میں علیحدگی پسند تنظیموں کے ارکان کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔

پاکستان نے پاکستانیوں کے قتل کو دہشت گردی اور قابل نفرت واقعہ قرار دیتے ہوئے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا اور ایران نے مزدوروں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی تھی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے امن دشمن عناصر کی بیخ کنی کریں گے۔

پاکستان نے ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد کے موقعے پر بھی یہ معاملہ اٹھایا تھا۔

9 Pakistani

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div