Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

میانوالی میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا

رات گئے 10 سے 12 دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر 3 اطراف سے حملہ کیا، پولیس
اپ ڈیٹ 12 فروری 2024 10:22am

میانوالی میں خیبرپختونخوا بارڈر پر قبول خیل کے مقام پر پولیس چیک پوسٹ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر ہائی الرٹ ہے، اس دوران دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا، جس میں 12 سے 13 دہشت گردوں نے رات گئے قبول خیل چیک پوسٹ میانوالی پر 3 اطراف سے حملہ کیا۔

دہشت گردوں کی جانب سے پولیس چیک پوسٹ پر جدید اسلحہ استعمال کرتے ہوئے شدید فائرنگ کی گئی، جس پر چیک پوسٹ پر تعینات پولیس جوانوں نے بہترین حکمت عملی اور جدید ٹیکنالوجی سے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔

پولیس کے جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی اور فائرنگ سے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر تمام دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہو گئے۔

ڈی پی او میانوالی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے، جس کے بعد دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

حملے کو ناکام بنانے کے بعد فضا نعرہ تکبیر اور پنجاب پولیس زندہ باد کے فلگ شگاف نعروں سے فضاء گونج اٹھی۔

ڈی پی او میانوالی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پنجاب پولیس کے حوصلے بلند ہیں، دہشت گردوں کا ہر طرح سے مقابلہ کے لیے تیار ہیں، عوام کی جان ومال کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرحدی پولیس چیک پوسٹ پر پنجاب پولیس کے جوان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن سولجرز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے ہمیشہ قیمتی جانیں قربان کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے۔ پنجاب پولیس سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔ دہشت گردوں کو ان کے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

اس حوالے سے آر پی او شارق کمال صدیقی نے کہا کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے، پولیس کے شیر جوان بلند ہمت و حوصلے سے اپنے فرائض کو پورا کر رہے ہیں۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا پنجاب پولیس کو خراج تحسین

دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میانوالی میں قبول خیل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے دلیری سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے، پولیس نے جرات و بہادری کی ایک اور تاریخ رقم کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے پولیس جوان قوم کے ہیرو ہیں، پنجاب پولیس کے جری جوانوں نے دہشت گردوں کا جس بہادری سے مقابلہ کیا اس پر قوم کو فخر ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈی پی او میانوالی اور تمام پولیس جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، پنجاب حکومت اپنی پروفیشنل فورس کے بہادر جوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی۔

خیبر پختونخوا

Mianwali

Punjab police

terrorist attacks

Attack on Police Check Post

kpk border

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div