Aaj News

پیر, اپريل 29, 2024  
20 Shawwal 1445  

سپریم جوڈیشل کونسل کا مستعفی جج مظاہر نقوی کے بیٹوں کو سمن نہ کرنے کا فیصلہ

کونسل نے اٹارنی جنرل کو مظاہر نقوی کے بیٹوں کی حد تک نوٹسز واپس لینے کی ہدایت کر دی
شائع 16 فروری 2024 03:58pm

سپریم جوڈیشل کونسل نے سپریم کورٹ کے سابق جج مظاہر علی اکبر نقوی کے بیٹوں کو بطور گواہ طلب نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، کونسل نے اٹارنی جنرل کو مظاہر نقوی کے بیٹوں کی حد تک نوٹسز واپس لینے کی ہدایت کر دی جبکہ سپریم جوڈیشل کونسل نے آج 4 گواہان کے بیانات بھی قلمبند کیے۔

سپریم جوڈیشل کونسل کا اوپن اجلاس جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں ہوا، کھلی عدالت میں ہونے والے اجلاس میں سپریم جوڈیشل کونسل کے ممبران جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس منصور علی شاہ شامل تھے۔

اس کے علاوہ بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نعیم افغان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی بھی شامل تھے جبکہ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

سپریم جوڈیشل کونسل نے مستعفی جج مظاہر علی اکبر نقوی کو سرکاری پلاٹس کی الاٹمنٹ سے متعلق 4 گواہان کے بیانات قلمبند کیے، جس کے بعد کونسل نے مزید کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

اس دوران جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ لوگ بھول جاتے ہیں کہ ہم ٹیکس کے پیسے سے یہ کارروائی کرتے ہیں، جہاں 2 ججز دوسرے صوبوں سے آتے ہیں، ہمیں اس حقیقت کا مکمل ادراک ہے کہ سپریم کورٹ کے بینچز میں یہ معاملہ زیر التواء ہے، سپریم کورٹ نے جوڈیشل کونسل کی کارروائی پر کوئی اسٹے نہیں دے رکھا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ یہ معاملہ اگر لٹکا رہتا تو ہم پر تنقید ہوتی کہ کارروائی ختم کیوں نہیں کی، کچھ دیگر ججز کے خلاف بھی شکایات ہیں ان کو ان کیمرہ اجلاس میں دیکھا جائے گا، موجودہ کارروائی جج کی درخواست پر اوپن ہوئی۔

چیئرمین سپریم جوڈیشل کونسل نے کہا کہ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو معلوم ہو گا کہ یہاں کیا کارروائی ہو رہی ہے، اگر کسی گواہ پر جرح کرنا چاہیں یا جواب دینا ہے تو آسکتے ہیں۔

جسٹس مظاہر نقوی کا سپریم جوڈیشل کونسل کو خط

اس سے قبل سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ مظاہر نقوی نے سپریم جووڈیشل کونسل کو خط لکھا اور کہا کہ آئین و قانون اور عدالتی فیصلوں کے مطابق ریٹائرڈ ججز کے خلاف کارروائی سپریم جوڈیشل کونسل کا دائرہ اختیار نہیں۔

سپریم جوڈیشل کونسل کے سیکریٹری کو لکھے گئے خط میں جسٹس ریٹائرڈ مظاہر نقوی نے مؤقف اپنایا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی ان کے استعفیٰ دینے کے باوجود جاری ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ وہ 10 جنوری کو مستعفی ہوچکے ہیں جبکہ صدر مملکت نے ان کا استعفیٰ بھی منظور کر لیا ہے، استعفیٰ کی منظوری کا نوٹیفیکیشن آفیشل گزٹ میں شائع ہوچکا ہے۔

سابق جج مظاہر نقوی نے اپنے خط میں مزید کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کا 12 جنوری کا حکم غیر آئینی ہے، اس معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل اپنے اختیار سے تجاوز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئینی اور قانونی طور پر کونسل کی اس کارروائی کا حصہ بننے کا پابند نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جسٹس ریٹائرڈ مظاہر نقوی کے استعفیٰ کے اگلے روز سپریم جوڈیشل کونسل نے ان کے خلاف کارروائی ختم نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ گزشتہ روز جسٹس ریٹائرڈ مظاہر نقوی کے خلاف ریفرنس کی کارروائی میں ان کے وکیل خواجہ حارث نے سپریم جوڈیشل کونسل کی مزید معاونت سے معذرت کرلی تھی اور کہا تھا کہ ان کا وکالت نامہ جسٹس نقوی کے جج ہونے تک ہی تھا۔

مزید پڑھیں

جسٹس مظاہر نقوی اپنے عہدے سے مستعفی، استعفے میں بڑی غلطی کردی

جسٹس مظاہر نقوی کیخلاف ریفرنس: خواجہ حارث کی سپریم جوڈیشل کونسل کی مزید معاونت سے معذرت

ریٹائرڈ ججز کیخلاف کارروائی، وفاقی حکومت کی انٹرا کورٹ اپیل قابل سماعت قرار

تاہم، سپریم جوڈیشل کونسل نے ریفرنس کی کارروائی جاری رکھتے ہوئے کل 7 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے تھے اور کارروائی آج بروز جمعہ تک ملتوی کی تھی۔

اسلام آباد

Justice Qazi Faez Isa

supreme judicial council

justice mazahir ali akbar naqvi

Chief Justice Qazi Faez Isa

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div