Aaj News

پیر, اپريل 29, 2024  
20 Shawwal 1445  

امریکہ اور برطانیہ کے یمن میں حملے، اسرائیل میں خطرے کے سائرن بج اٹھے

حزب اللہ کا اسرائیلی فوجی بیرکوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
شائع 25 فروری 2024 07:14pm

امریکہ اعور برطانویہ کی جانب سے یمن میں آٹھ مقامات پر اٹھارہ اہداف پر مشترکہ حملے کیے گئے ہیں۔

امریکی اور برطانوی افواج کی طرف سے مشترکہ طور پر جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، ’ان حملوں میں یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے 18 ٹھکانوں اور عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔‘

ان تازہ فضائی حملوں میں برطانیہ کے چار ٹائیفون جنگی طیاروں نے بھی حصہ لیا۔

بیان کے مطابق، ’یہ اہداف پورے یمن میں آٹھ مختلف مقامات پر پھیلے ہوئے تھے، ان میں ہتھیاروں کی ذخیرہ گاہیں، فضائی حملوں کے لیے استعمال ہونے والے ڈرون، فضائی دفاعی نظام، ریڈار اور ایک ہیلی کاپٹر بھی شامل ہے۔‘

مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا کہ، ’یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے گزشتہ برس نومبر سے لے کر اب تک بحیرہ احمر میں تجارتی اور عسکری بحری جہازوں پر کیے جانے والے حملوں کی تعداد 45 سے تجاوز کر چکی ہے۔ یہ حملے عالمی معیشت کے ساتھ ساتھ علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے بھی خطرہ ہیں اور اسی لیے وہ بین الاقوامی فوجی ردعمل کے متقاضی تھے۔‘

امریکہ اور برطانیہ کی طرف سے حوثی باغیوں کے خلاف کیے جانے والے ان تازہ حملوں میں صرف یہ دو ممالک ہی شامل نہیں تھے۔

مشترکہ بیان پر جن دیگر ممالک کے اعلیٰ عسکری نمائندوں کی طرف سے بھی دستخط کیے گئے، وہ آسٹریلیا، بحرین، ڈنمارک، کینیڈا، نیدرلینڈز اور نیوزی لینڈ تھے۔

بیان کے مطابق حوثی باغیوں کے خلاف عسکری کارروائیوں کی اس تازہ ترین لہر میں ان تمام چھ ممالک نے بھی مدد فراہم کی۔ اس مدد کی تاہم کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔

روئٹرز کو واشنگٹن اور لندن سے موصول اطلاعات کے مطابق بحیرہ احمر میں سلامتی اور محفوظ جہاز رانی کو ممکن بنانے کے لیے حوثیوں کے ٹھکانوں پر جو تازہ ترین حملے کیے گئے، وہ روا‌ں ماہ کے دوران کیے جانے والے اپنی نوعیت کے دوسرے بھرپور بین الاقوامی حملے ہیں۔

مجموعی طور پر حوثی باغیوں کی طرف سے سمندری حملے شروع کیے جانے کے بعد سے یہ مغربی طاقتوں کی طرف سے ان کے خلاف کیے جانے والے فضائی حملوں کا چوتھا سلسلہ تھا۔

ہفتے کی شام کیے گئے ان فضائی حملوں میں امریکی اور برطانوی جنگی طیاروں نے حصہ لیا۔

اسرائیل میں سائرن بج اٹھے

دوسری جانب حزب اللہ نے اسرائیل میں راکٹ حملے شروع کردیے ہیں، عرب میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیلی فوجی بیرکوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق راکٹ حملوں کے بعد اسرائیلی علاقے کریات شمونہ میں خطرے کے سائرن بجنے لگے ہیں۔

جبکہ شام لبنان کے سرحدی علاقے میں اسرائیل کی جانب سے کئے گئے فضائی حملے میں حزب اللہ کے دو ارکان مارے گئے ہیں۔

Israel

Hezbollah

Rocket Attacks

US England Attack in Yemen

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div