Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
19 Shawwal 1445  

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا شہباز شریف کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے پر برطانیہ ، ترکیہ، چین اور ایران کی بھی مبارکباد
اپ ڈیٹ 04 مارچ 2024 09:05pm

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے نو منتخب وزیر اعظم شہبازشریف کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ اس کے علاوہ برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ کیمرون، ترک صدر رجب طیب اردوان، چینی صدر شی جن پنگ اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے بھی شہباز شریف کو پاکستان کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق محمد بن سلمان نے وزیر اعظم شہباز شریف کو تہنیتی پیغام روانہ کیا ہے۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیر اعظم شہباز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے اور پاکستان کے لیے ترقی و کامرانی کی امید ظاہر کی ہے۔

برطانوی وزیرخارجہ

برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ کیمرون نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ”ایکس“ پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہبازشریف کی حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنے کے منتظر ہیں، پاکستانی حکومت کو ساتھ لیکر کام کرنےکی ضرورت ہے۔

ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے نازک ترین موڑ پر ہے، پاکستانی حکومت کو اصلاحات کرنے کی ضرورت ہے۔

ترک صدر

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو فون کرکے مبارکباد دی اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی شہباز شریف کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

صدر رجب طیب اردوان نے توقع ظاہر کی کہ وزیر اعظم شہباز شریف اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

نومنتخب وزیراعظم نے مبارکباد کے پیغام پر صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چینی صدر

دوسری جانب چین کے صدر شی جن پنگ نے بھی نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھیجا۔

چینی صدر نے کہا کہ امید ہے شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان نئی اور مزید کامیابیاں حاصل کرے گا، مشترکہ طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری کا اپ گریڈڈ ورژن تعمیر کرنا ہوگا۔

ایرانی صدر

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے بھی شہباز شریف کو پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔

ایرانی صدر نے دونوں اسلامی برادر مملک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔

صدر رئیسی نے امید ظاہر کی کہ نئی حکومت پاکستانی عوام اور ملک کی ترقی کے لیے بھرپور کوشش کرے گی ۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں مملک باہمی تعلقات کو فروغ دینے کیلیے مل کر کام کریں گے ۔

ایرانی سفیر

ادھر پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے بھی وزیراعظم شہبازشریف کو مبارکباد پیش کی۔

نومنتخب وزیراعظم نے مبارکباد کے پیغام پر ترک صدر، چینی صدر اور ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور تینوں ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

china

Shehbaz Sharif

اسلام آباد

Iran

Recep Tayyip Erdogan

Xi Jinping

Ebrahim Raisi

PM Shehbaz Sharif

turkiye

New Prime Minister

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div