Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
19 Shawwal 1445  

کوئٹہ کو بڑے مارجن سے شکست، پشاور نے پی ایس ایل کے پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا

پشاور زلمی کے 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 120 رنز پر ڈھیر ہوگئی
اپ ڈیٹ 08 مارچ 2024 11:43pm

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 76 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

پشاور زلمی پی ایس ایل 9 کے پہلے آف میں پہنچنے والی دوسری ٹیم ہے، اس سے قبل ملتان سلطانز پلے آف میں پہنچ چکی ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل سیزن 9 کے 25 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائلی روسو نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پشاور زلمی کی اننگز

پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب اور بابر اعظم نے اننگز کا شاندار آغاز کیا تاہم 46 کے مجموعی اسکور پرصائم ایوب 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 30 رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر ابرار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پشاور زلمی کی دوسری وکٹ 93 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد حارث 20 رنز اسکور کرنے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے جبکہ تیسری وکٹ 100 کے مجموعی اسکور پر گری جب حسیب اللہ خان 6 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

پشاور زلمی کی چوتھی وکٹ 136 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان بابر اعظم ایک شاندار اننگز کھیلنے کے بعد 53 رنز اسکور کرنے کے بعد حسنین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے ۔

پشاور زلمی کی پانچویں وکٹ 147 کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹام کوہلر کیڈمور 33 رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کی گیند پر سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ٹیم کا اسکور 157 تک پہنچا تو پشاور زلمی کی 3 وکٹیں لگاتار گرگئیں، 157 کے اسکور پر چھٹی وکٹ عامر جمال کی صورت میں گری، وہ صرف 5 رنز بنانے کے بعد حسین کی گیند پر ایونس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد پشاور زلمی کو ساتواں اور آٹھواں نقصان بھی 157 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا، مہران ممتاز کو عقیل حسین نے کلین بولڈ کر دیا اور لیوک ووڈ بھی عقیل حسین کی گیند پر روسو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پشاور زلمی کی طرف سے رومن پاؤل 28 اور نوین الحق 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عقیل حسین نے سب سے عمدہ بولنگ کی اور ایل پی ایس ایل 9 کی پہلی ہیٹ ٹرک کی، انہوں نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

عقیل حسین نے اپنے چوتھے اوور کی دوسری، تیسری اور چوتھی گیند پر وکٹ لی، انہوں نے پشاور زلمی کے عامر جمال، مہران ممتاز اور لیوک ووڈ کو آؤٹ کیا۔

اس کے علاوہ سہیل خان، محمد حسنین اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز

کوئٹہ گلیڈی ایٹررز نے پشاور زلمی کے 197 رنز کے ہدف میں اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ پشاور زلمی کی ہی طرح 46 کے مجموعی اسکور پر گری جب سعود شکیل 24 اسکور بنا کر مہران ممتاز کی گیند پر خرم شہزاد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دوسری وکٹ 53 کے مجموعی اسکور پر گری جب جیسن رائے 16 رنز بنانے کے بعد لیوک ووڈ کی گیند پر حسیب اللہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

تیسری وکٹ 60 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان ریلی روسو محض 8 رنز بنانے کے بعد صائم ایوب کی گیند پر محمد حارث کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، چوتھی وکٹ بھی 61 کے مجموعی اسکور پر گری جب خواجہ نافع 5 رنز بنا کر صائم ایوب کی گیند پر محمد حارث کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پانچویں وکٹ 76 کے مجموعی اسکور پر گری جب لاری ایونز 12 رنز بنانے کے بعد عامر جمال کی گیند پر پاول کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، چھٹی وکٹ 97 کے مجموعی اسکور پر گری جب عقیل حسین 14 رنز بنانے کے بعد لیوک ووڈ کی گیند پر محمد حارث کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ساتویں وکٹ 97 کے مجموعی اسکور پر گری جب عمیر یوسف 10 رنز بنانے کے بعد نوین الحق کی گیند پر عامر جمال کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، آٹھویں وکٹ 114 کے مجموعی اسکور پرگری جب محمد عامر 13 رنز بنانے کےبعد مہران ممتاز کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

نویں وکٹ 120 کے مجموعی اسکور پر گری جب سہیل خان 7 رنز پر خرم شہزاد کی گیند پر حسیب اللہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، دسویں اور آخری وکٹ بھی 120 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب ابرار احمد صفر پر خرم شہزاد کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، محمد حسنین نے 2 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پشاور زلمی کی طرف سے صائم ایوب، لیوک ووڈ، خرم شہزاد اور مہران ممتاز نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نوین الحق اور عامر جمال نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پشاور زلمی کے 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 18 ویں اوور میں 120 رنز پر آؤٹ ہوگئی، اس طرح پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 76 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

اس جیت کے ساتھ پشاور زلمی نے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا، وہ پی ایس ایل کے ہر سیزن میں پلے آف میں پہنچنے والی واحد ٹیم ہے۔

پوائنٹس ٹیبل

پی ایس ایل سیزن 9 میں ملتان سلطانز 12 اور پشاور زلمی 11 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہے، دونوں ہی اگلے مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔

اسلام آباد 9 میچز میں 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 میچز میں 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

کراچی 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے جبکہ لاہور قلندرز 3 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔

rawalpindi

PSL

Quetta gladiators

peshawar zalmi

Pakistan Super League

psl 9

HBL PSL 9

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div