Aaj News

پیر, اکتوبر 14, 2024  
11 Rabi Al-Akhar 1446  

یوٹیوب پر یہ ویڈیوز دیکھنے سے تفتیشی ادارے آپ کے پیچھے پڑ سکتے ہیں

تفتیشی اداروں نے گوگل سے ڈیٹا مانگنا شروع کردیا
شائع 25 مارچ 2024 08:06pm

اگر آپ نے کبھی مزاق میں بھی سوچا ہو کہ ایسی کوئی ویڈیو دیکھیں جو حساس موضوعات پر ہو، غیرمناسب ہو یا ریاست مخالف ہو تو یاد رکھیں کہ آپ کی سرچ یا ویو ہسٹری آپ کو پریشانی میں مبتلا کرسکتی ہے۔

امریکیی تجارتی میگزین ”فوربز“ نے ایک خفیہ دستاویز کا انکشاف کیا ہے جس میں گوگل کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ ایسے صارفین کے نام، پتے، ٹیلی فون نمبرز، یوٹیوب اکاؤنٹس اور آئی پی ایڈریسز تفتیشی اداروں کے حوالے کرے جنہوں نے کچھ مخصوص یوٹیوب ویڈیوز دیکھی تھیں۔

تفتیشی اداروں کا یہ مطالبہ ایک بڑی مجرمانہ تحقیقات کا حصہ تھا۔

مذکورہ ویڈیوز امریکی خفیہ پولیس نے ایک مشتبہ کرپٹو کرنسی لانڈرر کو چارے کے طور پر بھیجی تھیں۔

بٹ کوائن کے تاجر کے ساتھ بات چیت میں، تفتیش کاروں نے ڈرون کے ذریعے نقشہ سازی پر عوامی یوٹیوب ٹیوٹوریلز کے لنکس بھیجے اور ان ویڈیوز کو 30,000 سے زیادہ بار دیکھا گیا، حالانکہً ہزاروں صارفین کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

یوٹیوب کی پیرنٹ کمپنی گوگل کو امریکی وفاقی تفتیش کاروں نے یکم جنوری سے 8 جنوری 2023 کے درمیان ایسے تمام ناظرین کا ڈیٹا خاموشی سے ان کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا، لیکن فوربز نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا گوگل نے اس حکم کی تعمیل کی یا نہیں۔

پرائیویسی ایکسپرٹس کے مطابق، ڈیٹا کا حصول اپنے آپ میں ایک تشویشناک بات ہے۔

وفاقی تفتیش کاروں نے استدلال کیا کہ اس درخواست کو قانونی طور پر جائز قرار دیا گیا ہے کیونکہ ڈیٹا بشمول مجرموں کے بارے میں شناختی معلومات فراہم کرنا متعلقہ اور جاری مجرمانہ تفتیش سے متعلق ہوگا۔

گوگل کے ترجمان میٹ برائنٹ نے فوربز کو بتایا کہ قانون نافذ کرنے والوں کے مطالبات کے ساتھ، ہمارے پاس قانون نافذ کرنے والے اہم کام کی حمایت کرتے ہوئے اپنے صارفین کی رازداری اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے ایک سخت پراسیس ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم قانونی موزونیت کے لیے ہر ایک مطالبے کی جانچ کرتے ہیں، ہم معمول کے مطابق صارف کے ڈیٹا کے وسیع یا بصورت دیگر نامناسب مطالبات پر پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔

دسمبر میں، گوگل نے اپنی پرائیویسی پالیسیوں کو اپ ڈیٹ کیا تاکہ صارفین اپنے لوکیشن ڈیٹا کو کلاؤڈ کے بجائے براہ راست اپنے ڈیوائسز میں محفوظ کر سکیں، اور اس طرح کی سٹوریج برقرار رکھنے کے وقت کو مختصر کر دیا گیا ہے، ان نئی پالیسیوں نے بالواسطہ طور پر طویل عرصے سے استعمال کیے جانے والے تفتیشی کام کو بھی روک دیا ہے، جس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار مشتبہ افراد کو نشانہ بنانے کے لیے گوگل لوکیشن ڈیٹا کا استعمال کرتے ہیں۔

Privacy Policy

YouTube Videos

Data Sharing